یوکرین: ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیرداخلہ سمیت 16 افراد ہلاک

جائے وقوعہ پر ملبہ کھیل کے میدان میں بکھرا ہوا تھا اور ایمرجنسی ورکرز ایمبولینسوں سمیت جائے واقعہ پر پہنچ رہے تھے۔

یوکرین کے دارالحکومت کیئف کے باہر ایک نرسری کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ملک کے وزیر داخلہ ڈینس موناسٹیرسکی اور بچوں سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی کہ، بدھ کی صبح فرانسیسی ساختہ سپر پوما ہیلی کاپٹر دارالحکومت کے مشرقی مضافاتی علاقے برواری کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

علاقائی گورنر نے کہا کہ 15 بچوں سمیت دیگر 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے اس ہیلی کاپٹر حادثے کو ’خوفناک سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ یہ درد ناقابل بیان ہے۔

جائے وقوعہ پر ملبہ کھیل کے میدان میں بکھرا ہوا تھا اور ایمرجنسی ورکرز ایمبولینسوں سمیت جائے واقعہ پر پہنچ رہے تھے۔

ایک صحن میں کئی لاشیں رکھی ہوئی تھیں جن پر ڈالے گئے کمبلوں سے وزارت داخلہ کی نیلے رنگ کی وردی اور کالے جوتے نظر آ رہے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طیارے کا ایک بڑا حصہ ایک کار پر گرا تھا جس سے وہ تباہ ہوگئی تھی۔

کیئف خطے کے گورنر اولیکسی کلیبا نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر لکھا کہ سانحے کے وقت ’نرسری میں بچے اور عملہ موجود تھا۔‘

پولیس کے سربراہ ایہور کلیمینکو نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار وزیر داخلہ ڈینس موناسٹیرسکی اپنے پہلے نائب یوہینی ینن اور وزارت کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ہلاک ہوئے ہیں۔

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجہ کیا تھی۔

روس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا اور یوکرین کے حکام نے بھی اس وقت علاقے میں کسی روسی حملے کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔

ایئر فورس کے ترجمان یوری اہنات کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے، جیساکہ پائلٹ کہتے ہیں کہ آسمان کبھی غلطیاں معاف نہیں کرتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ اس کی وجوہات جاننے کے لیے چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا