سعودی عرب: بس حادثے میں 20 عمرہ زائرین چل بسے

سعوی میڈیا کے مطابق بریکیں فیل ہو جانے کی وجہ سے بس کو حادثہ پیش آیا، جس کے بعد بس پل سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پیر کو مکہ مکرمہ جانے والی ایک بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 20 عمرہ زائرین جان سے چلے گئے اور 29 افراد زخمی ہوئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بس کو جنوبی صوبے عسیر میں حادثہ پیش آیا۔

سرکاری نیوز چینل الاخباریہ نے رپورٹ کیا: ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہونے والی اموات کی تعداد 20 تک پہنچ چکی ہے اور زخمیوں کی تعداد تقریباً 29 ہے۔‘

نیوز چینل کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ’مختلف ممالک‘ سے ہے تاہم چینل نے ان ملکوں کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ متاثرین میں سے کس کا تعلق کس ملک سے ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک نجی اخبار عکاظ نے رپورٹ کیا کہ بریکیں فیل ہو جانے کی وجہ سے بس کو حادثہ پیش آیا۔ جس کے بعد ’بس پل سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔‘

الاخباریہ نیوز چینل پر نشر کی گئی فوٹیج میں ایک صحافی کو بظاہر بس کے جلے ہوئے ڈھانچے کے سامنے کھڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ حادثہ ماہ رمضان کے پہلے ہفتے میں پیش آیا ہے، جو عمرے کی ادائیگی کے لیے ایک مصروف وقت ہوتا ہے۔ اس کے بعد ذوالحج کے مہینے میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان سالانہ فریضہ حج ادا کریں گے۔

اکتوبر 2019 میں بھی مدینہ منورہ کے قریب ایک بس کے ایک گاڑی کے ساتھ ٹکرانے کے نتیجے میں 35 غیر ملکی شہریوں کی اموات ہوئی تھیں جبکہ چار افراد زخمی ہوئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا