پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم نااہل قرار

سردار تنویر الیاس نے گذشتہ دونوں اپنی ایک تقریر میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے عدلیہ پر تنقید کی تھی-

سردار تنویر الیاس (تصویر: تنویر الیاس میڈیا سیل)

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی ہائی کورٹ کے فل بینچ نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کے الزام میں نا اہل قرار دے دیا-

کشمیر کی ہائی کورٹ نے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کے کیس میں نااہل قرار دے دیا اور الیکشن کمیشن کو انہیں اسمبلی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے علاوہ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا ہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی ہائی کورٹ میں منگل کی دوپہر کو وزیراعظم تنویر الیاس پیش ہوئے جس کے بعد انہیں عدالت کی کارروائی ختم ہونے تک کی سزا سنائی گئی۔

ہائی کورٹ کے فل بینچ کے فیصلے کی روشنی میں سردار تنویر الیاس اب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم نہیں رہے تاہم ان کے پاس اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا حق موجود ہے۔

توہین عدالت کی اس کاروائی کے سلسلے میں سپریم کورٹ نے بھی انہیں آج طلب کر رکھا ہے۔

سردار تنویرالیاس کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس راجہ صداقت کی سربراہی میں فل بینچ نے کی۔

وزیر اعظم نے اپنے الفاظ پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی لیکن عدالت نے معافی قبول نہیں کی۔

سردار تنویر الیاس نے سال 2021 میں انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور ایل اے 15 باغ ون سے کامیاب ہوئے۔  

ایک سالہ وزارت عظمیٰ کے دوران سردار تنویر الیاس مختلف تنازعات کا شکار رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل وہ مخالف سیاست دانوں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے کے بعد ان سے معافی مانگنے کے علاوہ بیورو کریسی کو بھی دھمکی آمیز بیغامات دیتے رہے ہیں جبکہ حالیہ دنوں انہوں نے اپنی کابینہ کے چند ارکان اور اپنی ہی جماعت کے سپیکر قانون ساز اسمبلی کے حوالے سے بھی سخت الفاظ کا استعمال کیا۔

توہین عدالت کا معاملہ کیا ہے؟

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے گذشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے عدالتوں پر تنقید کی۔

اس معاملے پر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے بیک وقت ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے انہیں آج طلب کیا تھا۔

تنویر الیاس کی جانب سے ابھی تک سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ یا بیان سامنے نہیں آیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان