سوڈان سے 636 پاکستانی شہری واپس پہنچ گئے: دفتر خارجہ

پاکستان نے اپنے محصور شہریوں کو پورٹ سوڈان سے جدہ پہنچانے اور ان کے وطن واپس آنے تک ان کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان فضائیہ کا طیارہ 28 اپریل، 2023 کو 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچ گیا (پاکستان فضائیہ)

دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق مزید 93 پاکستانی شہریوں کا سوڈان سے کامیاب انخلا مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد خانہ جنگی کے شکار اس ملک سے واپس لائے گئے پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 636 ہو گئی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق سوڈان میں چند ہفتے قبل ہونے والی شدید لڑائی کے بعد پاکستان سمیت مختلف ملکوں نے وہاں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو واپس لانے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔ سوڈان میں حریف فوجی دھڑوں کی ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کی لڑائی میں سینکڑوں افراد کی جان جا چکی ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے طیارے پاکستانی شہریوں کو سوڈان سے واپس لانے میں مصروف ہیں۔

اس مہم کے تحت 149 پاکستانی شہریوں کا پہلا گروپ جمعے کو انخلا کے بعد کراچی پہنچایا گیا۔ اتوار کو مزید 140 شہریوں کو لے کر ایک اور پرواز کراچی پہنچی جس کے بعد وطن واپس آنے والے شہریوں کُل تعداد 497 ہو گئی۔

 ریڈیو پاکستان کے مطابق ’پی آئی اے کی ایک پرواز پیر کو 93 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچی۔ دفتر خارجہ نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اب تک پانچ خصوصی پروازوں کے ذریعے 636  پاکستانی جدہ کے راستے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔‘

ریڈیو پاکستان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ کے مطابق باقی تقریباً ایک ہزار پاکستانی شہریوں کو اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں سوڈان سے نکال لیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہوائی اڈے پر موجود وزیر اعظم کے مشیر انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے  کوششیں جاری رکھے گی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے جمعے کو کہا کہ سوڈان میں محصور پاکستانی شہریوں کو مختلف مراحل میں وہاں سے نکالا گیا۔ سب سے پہلے آٹھ سو سے زیادہ پاکستانی شہریوں کو سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے پورٹ سوڈان شہر پہنچایا گیا جو نسبتاً محفوظ ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں پاکستانی شہریوں کو پورٹ سوڈان سے سعودی عرب کے شہر جدہ یا براہ راست پاکستان پہنچایا گیا۔

پاکستان نے اپنے محصور شہریوں کو پورٹ سوڈان سے جدہ پہنچانے اور ان کے وطن واپس آنے تک ان کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان