تاج پوشی کے دلچسپ پہلو: فوجی وردی اور سپائس گرلز کا انکار

ہفتے کو برطانیہ کے شاہ چارلز کی تاج پوشی کی تقریب پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہیں۔ اس تقریب کے چند دلچسپ اور عجیب پہلو۔

1 چارلس کی تاج پوشی اب کیوں ہو رہی ہے؟

ملکہ الزبتھ آٹھ ستمبر 2022 کو فوت ہوئی تھیں اور چارلس ملکہ کی وفات کے ساتھ ہی بادشاہ بن گئے تھے، مگر تاج پوشی کی تقریب عام طور پر کئی مہینوں کے بعد منعقد کی جاتی ہے تاکہ اس دوران گزرنے والے بادشاہ یا ملکہ کے سوگ کی رسومات پوری ہو جائیں۔ ماضی میں بھی یہی روایت رہی ہے، مثلاً ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی ان کے والد کے انتقال کے 16 ماہ بعد ہوئی تھی۔

2 یہ تقریب چرچ میں کیوں ہو رہی ہے؟

برطانیہ میں تاج پوشی کی رسومات 1066 سے ویسٹ منسٹر ایبی نامی چرچ میں ہو رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بنیادی طور پر یہ ایک مذہبی رسم ہے اور بادشاہ چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ ہیں۔ تقریب کے دوران برطانیہ کے آرچ بشپ شاہ چارلز کو مقدس تیل سے بتسمہ دیں گے اور انہیں روایتی شاہی علامات، یعنی خلعت اور عصا عطا کریں گے۔

3 ملکہ الزبتھ اور شاہ چارلس کی تقریب میں کیا مختلف ہے؟

شاہ چارلس نے اپنی تاج پوشی کو نئے عہد کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ مہمانوں کی تعداد ایک تہائی کم کی ہے، تقریب کا وقت مختصر کر لیا ہے اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی مدعو کیا ہے۔

4 شاہ چارلس کون سا لباس پہنیں گے؟

عام طور پر بادشاہ روایتی شاہی لباس زیبِ تن کرتے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق چارلز روایت سے ہٹ کر فوجی لباس زیبِ تن کریں گے۔

چارلز کئی برس تک برطانوی ایئر فورس کا حصہ رہے ہیں اور انہوں نے بطور ہواباز تربیت حاصل کر رکھی ہے۔

انہیں 2012 میں رائل ایئر فورس میں مارشل کا عہدہ دیا گیا تھا جو برطانوی فضائیہ کا سب سے بڑا عہدہ ہے۔

5 تاج پوشی پر کتنا خرچ آئے گا؟

تاج پوشی پر 10 کروڑ پاؤنڈ کے قریب خرچ آئے گا جو پاکستانی روپوں میں 35 ارب بنتا ہے۔ یہ رقم برطانوی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا کی جائے گی۔

یہ شاہ خرچی اس وقت ہو رہی ہے جب برطانیہ کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے۔ البتہ توقع ہے کہ اس دوران بہت سے سیاح برطانیہ کا رخ کریں گے، تقریب کی ٹیلی ویژن نشریات اور اس سے متعلق اشیا کی فروخت سے بھی معیشت کو فروغ ملنے کی امید ہے۔

6 تقریب میں کون کون شرکت کرے گا؟

تقریب کے لیے دو ہزار افراد کو دعوت دی گئی ہے جن میں جاپان کا شاہی خاندان، ڈنمارک کا شاہی خاندان، سویڈن کا شاہی خاندان، مناکو کے شہزادہ البرٹ دوم، سپین کے بادشاہ اور ملکہ، بیلجیم کا شاہی جوڑا، نیدرلینڈز کا شاہی جوڑا، ناروے کا شاہی جوڑا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اردن، برونائی، عمان کے حکمرانوں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ متعدد ملکوں کے وزرائے اعظم اور صدور بھی شرکت کریں گے جن میں پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی شامل ہیں۔

7 کس نے تقریب میں شرکت سے انکار کیا ہے؟

اگرچہ کئی فنکار شاہی تقریب میں پرفارم کریں گے، جن میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی سونم کپور بھی شامل ہیں، کئی دوسرے فنکاروں نے شرکت سے انکار کیا ہے۔ برطانوی اخباروں مرر اور سن کے مطابق اڈیل، ایڈ شیرن، رابی ولیمز اور سپائس گرلز نے مختلف وجوہات کی بنیاد پر تقریب میں شرکت سے معذرت کی ہے۔

8 مقبوضہ بیت المقدس سے آنے والا زیتون کا تیل

شاہ چارلس کی anointing یا مسح کے لیے پہلی بار ویگن یعنی پودوں پر مبنی تیل استعمال کیا جائے گا، جس میں زیتون کا تیل، یاسمین، دارچینی اور عنبر وغیرہ شامل ہیں۔

تقریب میں استعمال ہونے والا زیتون کا تیل بیت المقدس سے آئے گا جنہیں ماؤنٹ آف اولیوز اور دوسرے اہم مقامات پر اگایا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل دیگر بادشاہوں اور ملکاؤں کی anointing کے لیے وھیل کا تیل استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ ہے۔

9 کمیلا کوہِ نور نہیں پہنیں گی

اسی تقریب میں کمیلا کی بھی تاج پوشی کی جائے گی، البتہ ان کے تاج پر کوہِ نور ہیرا نصب نہیں ہو گا کیوں کہ یہ ہیرا برطانیہ کے نوآبادیاتی کردار کی وجہ سے متنازع ہے۔  

انہیں اس تقریب میں ملکہ کمیلا کے خطاب سے نوازا جائے گا۔

10 تاج پوشی کی خصوصی ڈش

اس بار تاج پوشی کی خصوصی ڈش کیش ہو گی، جو ایک قسم کا سموسہ ہوتا ہے۔

اس کی ترکیب میں انڈے، ملائی اور پنیر شامل ہیں اور اسے ٹھنڈا یا گرم دونوں طرح سے کھایا جا سکتا ہے۔

تاج پوشی کے قریب آتے ہی برطانیہ میں کیش کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ