امریکی جیل میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکہ کا ویزا جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ رواں ماہ ہی امریکہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیر کو ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکہ کا ویزا مل گیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی 29 سے 31 مئی کے دوران امریکی جیل میں اپنی بہن سے ملاقات کریں گی اور اس دوران امریکی وکیل کلائیو سمتھ بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن کے ترجمان محمد ایوب نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’فوزیہ صدیقی کو پانچ سال کا ویزا ملا ہے اور وہ رواں ماہ کے آخر میں امریکہ کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔‘
اس حوالے سے وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ابوبکر عمر نے بھی انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کو ویزا ملنے کی تصدیق کی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن پارلیمان چوہدری حامد حمید نے بھی اس حوالے سے ایک ٹویٹ کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور کوشش سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن کو امریکہ کا ویزا مل گیا۔‘
انہوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’ڈاکٹر فوزیہ صدیقی پہلی بار اپنی بہن سے امریکہ جا کر جیل میں ملاقات کریں گی۔‘
عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے رواں سال مارچ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیر کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے
’انڈپینڈنٹ‘ ڈاکٹر فراہم کرنے میں مدد کرے اور عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات، معلومات وکیل کو فراہم کی جائیں۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حساس معلومات کی وجہ سے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہوگی۔ جس حد تک ممکن ہوسکا عافیہ صدیقی کے وکیل سے تعاون کریں گے۔
عدالت نے مزید حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فوزیہ صدیقی کی امریکہ میں سکیورٹی یقینی ہو۔