امریکہ: یوٹیوبر نے ویڈیو کے لیے طیارہ تباہ کیا اور پھر ملبہ ٹھکانے لگا دیا

امریکی یوٹیوبر جیکب نے پیراشوٹ کے ذریعے نکل کر طیارے کے گرنے کی ویڈیو کو فلمایا تھا۔

امریکی یوٹیوبر جیکب نے پیراشوٹ کے ذریعے نکل کر طیارے کے گرنے کی ویڈیو کو فلمایا تھا۔ (تصویر: ٹریور جیکب/یوٹیوب)

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک یوٹیوبر نے جان بوجھ کر اپنا طیارہ پہاڑی علاقے میں گرایا اور ملبے کو ٹھکانے لگایا تا کہ  اپنے یوٹیوب چینل کے لیے مواد تخلیق کیا جا سکے۔ ٹریور ڈینیئل جیکب کیلیفورنیا کے شہر لومپوک سے تعلق رکھنے والے ایک ’انفلوئنسر‘  ہیں جنہوں نے دسمبر 2021 میں اپنے طیارے کو تباہ کرنے کے بعد پیراشوٹ سے گرتے ہوئے اپنی ویڈیو بنائی تھی۔

جیکب نے اب حادثے کے بعد ملبے کو تباہ کر کے تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

توقع ہے کہ جیکب کو آنے والے ہفتوں میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مقامی میڈیا کے مطابق یوٹیوبر نے ایک پلی ایگریمنٹ پر دستخط کیے جو لاس اینجلس میں امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔

جیکب، جو سوشل میڈیا سٹار بننے سے پہلے اولمپک سنو بورڈنگ مقابلوں میں امریکہ کی نمائندگی کر چکے ہیں، کی جانب سے 2021 میں کرسمس کے موقع پر ’آئی کریش مائے پلین‘ کے عنوان سے اپ لوڈ کی گئی ایک یوٹیوب ویڈیو سامنے آنے کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔
انہوں نے پورے واقعے کو باڈی کیمرے اور سنگل انجن والے طیارے کے مختلف حصوں سے منسلک گوپرو کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے فلمایا تھا۔

جیکب پر الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنے طیارے کو کیلیفورنیا کے پہاڑی سلسلے لاس پیڈریس نیشنل فاریسٹ میں محض سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لیے گرایا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوٹیوب پر موجود ویڈیو میں جیکب کو طیارے سے پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے نکلتے اور اسے لاس پیڈریس نیشنل فارسٹ کے دامن میں گرنے والے طیارے کو فلماتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جیکب ایک تجربہ کار پائلٹ اور سکائی ڈائیور بھی ہیں جنہوں نے اب وفاقی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے ارادے سے طیارے کی تباہی اور اس ملبے کو چھپانے کا جرم قبول کیا ہے جس کی سزا 20 سال تک قید ہے۔

محکمہ انصاف نے کہا کہ لینڈنگ کے بعد وہ جائے حادثہ پر پہنچے اور جہاز میں لگے کیمروں سے ویڈیو حاصل کی۔

محکمہ انصاف نے کہا کہ انہوں نے بعد میں وفاقی تفتیش کاروں کو حادثے کے بارے میں مطلع کیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وفاقی تفتیش کاروں کو بتایا گیا کہ وہ ملبے کو ٹھکانے لگانے کے ذمہ دار ہیں اور پہلے وہ حادثے کے مقام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر راضی ہوئے لیکن پھر جھوٹ بولا کہ وہ اس مقام کے بارے میں لاعلم ہیں۔

پلی ایگریمنٹ میں کہا گیا ہے کہ جیکب نے طیارے کے ملبے کو ٹھکانے لگانے کے لیے جائے حادثہ پر جانے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کرائے پر لیا۔

بعد ازاں 2022 میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے جیکب کا پائلٹ لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔

ایجنسیوں کی جانب سے اضافی رپورٹنگ

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ