انسانی سمگلنگ اور ریپ کے الزام: متنازع یوٹیوبر اینڈریو ٹیٹ گرفتار

سابق پیشہ ور کِک باکسر اور متنازع سوشل میڈیا سٹار اینڈریو ٹیٹ کو انسانی اسمگلنگ، ریپ اور مجرمانہ گروپ بنانے کے الزام میں رومانیہ کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔

29 دسمبر، 2022 کو رومانیہ میں سکیورٹی اہلکار انڈریو ٹیٹ کو لے جا رہے ہیں (ویڈیو گریب آبزرویٹر انٹینا/ اے ایف پی)

سابق پیشہ ور کِک باکسر اور متنازع سوشل میڈیا سٹار اینڈریو ٹیٹ کو انسانی اسمگلنگ، ریپ اور مجرمانہ گروہ بنانے کے الزام میں گرفتاری کے بعد جمعے کو رومانیہ کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔

یہ گرفتاری سویڈش ماہر ماحولیات گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ٹیٹ کے ٹوئٹر پر گرما گرم بحث کے چند دن بعد ہوئی، جس کے بارے میں قیاس ہے کہ رومانیہ کی پولیس کو اس چیٹ سے انہیں تلاش کرنے اور گرفتار کرنے میں مدد ملی۔

منظم جرائم سے لڑنے والی رومانیہ کے ایک محکمے کی ترجمان رمونا بولا نے جمعے کو اے ایف پی کو بتایا کہ برطانوی اور امریکی شہریت رکھنے والے ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن کو ابتدائی طور پر ’24 گھنٹے‘ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

بخارسٹ میں ایک عدالت نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ٹیٹ برادران سمیت چار لوگوں کو تفتیش کی خاطر 30 دنوں کے لیے حراست میں لینا ہے یا نہیں۔

اس ہفتے ٹیٹ اور تھنبرگ کے درمیان ٹوئٹر پر ’بہت زیادہ اخراج‘ والی کاروں سے لے کر پیزا بکس تک کے موضوعات پر گرما گرم بحث ہوئی تھی۔

انٹرنیٹ صارفین کا ماننا ہے کہ ٹیٹ نے تھنبرگ سے بحث کے دوران پیزا کے ایک برانڈڈ باکس کی ویڈیو شیئر کی جس سے مقامی پولیس کو ان کا مقام پتہ کرنے میں مدد ملی۔

تھنبرگ نے ٹوئٹر پر طنزاً کہا: ’جب آپ اپنے پیزا بکس کو ری سائیکل نہیں کرتے تو ایسا ہوتا ہے۔‘

بولا نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے زور دیا کہ اس بات کا تعین کرنے کے لیے کہ آیا کوئی شخص ملک میں ہے یا نہیں وہ بہت سے ذرائع استعمال کرتے ہیں۔ ’ٹیٹ کی گرفتاری کے وارنٹ پہلے ہی موجود تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گریٹا تھنبرگ کے ترجمان نے اے ایف پی کو تصدیق کی کہ آج صبح ان کی ٹویٹ، جس نے اب تک تقریباً 16 لاکھ لائکس حاصل کیے ہیں، درحقیقت ’ایک مذاق‘ تھی، اور رومانیہ کے حکام ان سے رابطے میں نہیں تھے۔

گذشتہ سال کے آغاز سے استغاثہ ٹیٹ پر عائد الزامات کی تفتیش کر رہی تھی اور حکام نے اپریل میں ان کی پرتعش رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق ٹیٹ، ان کے بھائی اور رومانیہ کے دو باشندوں پر کئی ممالک میں ’منظم جرائم‘، ’ریپ‘ اور ’انسانی سمگلنگ‘ کا شبہ ہے۔

اب تک چھ ممکنہ متاثرین کی شناخت ہو چکی ہے۔بیان کے مطابق مشتبہ افراد نے ’مالی فوائد حاصل کرنے‘ کے لیے خواتین کو ’زبردستی فحش حرکات کے لیے بھرتی کیا اور ان کا استحصال کیا‘ تاکہ اس طرح کا قابل اعتراض مواد آن لائن تیار کیا جا سکے۔

تحقیقات کے دوران پورے رومانیہ میں پانچ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

ٹیٹ 2016 میں بگ برادر ٹیلی ویژن شو میں نمودار ہوئے تھے، لیکن ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں ہٹا دیا گیا تھا، جس میں انہیں ایک خاتون پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ٹیٹ کئی سال پہلے اپنے بھائی ٹرسٹن کے ساتھ رومانیہ چلے گئے تھے۔

(ایڈیٹنگ: عبداللہ جان | ترجمہ: بلال مظہر)

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل