عمران خان کا ’گڈ بائی‘

عمران خان نے ہنستے ہنستے اپنے جانے والے ساتھیوں کو ’گڈبائی‘ کہہ دیا مگر کون جانتا ہے کہ ان کی ہنسی کے پیچھے کتنا درد چھپا ہو گا۔

عمران خان 12 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقعے پر (فائل فوٹو/اے ایف پی) 

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ساتھ چھوڑنے والوں میں وہ بھی شامل ہیں جو نو مئی  سے قبل تک انہی کا دم بھرتے تھے۔

عمران خان خود بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تنہا ہو گئے ہیں اور ان کو چھوڑ کر جانے والوں میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزرا علی زیدی اور فواد چوہدری کے علاوہ عامر کیانی بھی شامل ہیں۔

یہ وہ شخصیات ہیں جن کا شمار سابق وزیراعظم کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور یہ عمران خان کی خاطر کسی بھی حد تک جانے کی باتیں کرتے تھے،  لیکن پھر یک بیک سب کچھ بدل گیا۔

سابق وزیراعظم کی جماعت تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر جانے والوں میں سے بیشتر بدھ کی شب لاہور میں اکٹھے دیکھے گئے، ان میں وہ بھی شامل ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ قبل عمران خان سے سیاسی راستے جدا کر لیے تھے۔

سابق سینیئر صوبائی وزیر علیم خان کی لاہور میں رہائش گاہ پر جہانگیر ترین سمیت عمران خان کے سابق ساتھی ہنستے مسکراتے اپنے نئے سیاسی مستقبل کے بارے مشاورت کر رہے تھے۔

دوسری طرف مقدمات میں الجھے عمران خان جمعرات کو جب اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تو ان سے پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں سوال تو بنتا ہی تھا اور ایک صحافی نے سوال کیا بھی کہ انہیں کس ساتھی کے چھوڑ جانے کا دکھ سب سے زیادہ ہوا؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سوال کے جواب میں پہلے تو عمران خان مسکرائے اور پھر قہقہہ لگایا اور کوئی تبصرہ کرنے کی بجائے بس اتنا کہا کہ ’میں انہیں گڈ بائی کہتا ہوں۔‘

کبھی کبھی گڈ بائی کہنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن عمران خان نے تو ہنستے ہنستے ہی یہ سب کچھ کہہ دیا۔ نہ جانے ان کے قہقہے کے پیچھے کتنا درد ہو گا، لیکن وہ کرتے بھی کیا کیوں کہ جانے والے تو جا چکے ہیں۔

البتہ ساتھ چھوڑ کر جانے والوں میں سے ماسوائے اکا دکا شخصیات کے کسی نے عمران خان پر تنقید نہیں کی کہ بلکہ کچھ نے تو جب راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تو ان کی آنکھوں میں نمی بھی تھی۔

سیاست میں تو اتار چڑھاؤ کوئی نہیں بات نہیں، لیکن جس تیزی سے رخ موڑا گیا ہے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ