جناح ہاؤس حملہ: قومی فٹ بالر شمائلہ ستار جیل منتقل

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شمائلہ ستار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاہور میں واقع جناح ہاؤس، جہاں کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ تھی اور جسے نو مئی 2023 کو مشتعل ہجوم نے نذر آتش کر دیا تھا (انڈپینڈنٹ اردو)

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شمائلہ ستار کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

انویسٹی گیشن پولیس کے ذرائع کے مطابق شمائلہ ستار کو جیو فینسنگ میں نام آنے کے بعد ہفتے کو لاہور سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق شمائلہ ستار کے خلاف جناح ہاؤس کے باہر نصب کیمروں اور موبائل فون کی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور جیل میں ان کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سلمان شاہد نے شمائلہ ستار کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’قومی فٹ بال ٹیم کی سابق گول کیپر شمائلہ ستار کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں کل بروز پیر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں فوجی تنصیبات کے علاوہ نجی اور قومی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔

ان مظاہروں کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے سینکڑوں افراد کو گرفتار کر چکے ہیں جب کہ درجنوں افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کرنے کے انہیں پاکستان فوج کے حوالے کیا جا چکا ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں جناح ہاؤس حملے میں ملوث بیشتر ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ تھانہ سرور روڈ کینٹ میں درج مقدمے کے بعد مبینہ حملہ آوروں کی جیو فینسنگ، ویڈیوز، تصاویر اور چینلز کی فوٹیجز کی مدد سے گرفتاریوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

اس معاملے میں دیگر فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اب تک 350 سے زائد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 430 سے زائد ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان