چکوال کی ’پہلوان ریوڑی‘ میں ایسا خاص کیا؟

چکوال میں داخل ہوتے ہی جا بجا پہلوان ریوڑی کے سائن بورڈ نظر آتے ہیں اور خریدار کے لیے تعین کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ چکوال کی مشہور، اصل اور دیسی گھی سے تیار کردہ ذائقے دار ریوڑی کون سی ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں داخل ہوتے ہی جا بجا پہلوان ریوڑی کے سائن بورڈ نظر آتے ہیں اور خریدار کے لیے تعین کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ چکوال کی مشہور، اصل اور ذائقےدار دیسی گھی سے تیار کردہ ریوڑی کون سی ہے۔

چکوال میں ریوڑی بنانے کے 30 کارخانے اور بہت سی دکانیں ہیں اور ان میں سے تقریباً سب پر ’پہلوان کی اصل ریوڑی‘ لکھا ہوا نظر آتا ہے۔

لیکن پہلوان ریوڑی کا اصل کارخانہ چکوال میں راولپنڈی روڈ پر سمال انڈسٹریز کے قریب واقع ہے، جس کے مالک ملک گل شیر اعوان ہیں۔

ملک گل شیر نے بتایا کہ ان کے والد ملک گل شیر نے پہلے یہ کام سیکھا اور محدود پیمانے پر شروع کیا جس کے بعد اس کی مانگ بڑھتی گئی اور اب ریوڑی بنانے کا کام وسیع پیمانے پر ہو رہا ہے۔

’پہلوان ریوڑی‘ کے ڈائریکٹر ملک گل شیر اعوان کے بیٹے ملک بابر سہیل کے مطابق ریوڑی کی تیاری میں اس کے معیار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ’ہم ریوڑی بنانے میں خالص اجزا جن میں دیسی گھی، گڑ، تل اور گلوکوز شامل ہیں، استعمال کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کی تیاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا: ’سب سے پہلے خالص پشاوری گڑ کو ایک خاص درجہ حرارت پر گرم کیا جاتا ہے، اس کے بعد اس میں دیسی گھی شامل کیا جاتا ہے اور مشین کے ذریعے سارا عمل مکمل کرنے کے بعد اس میں شامل کچرے کو صاف کر دیتے ہیں۔ پھر تلوں کو گرم کر کے اس شیرے میں ڈالا جاتا ہے، جس سے ریوڑی بنانے کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔

’ٹھنڈا کرنے بعد اس کی پیکنگ کی جاتی ہے، اس سارے عمل کے دوران صفائی کا خاص طور پر خیال رکھا جاتا ہے تاکہ خریدار کو اعلیٰ کوالٹی کی ریوڑی مل سکے۔‘

ملک بابر سہیل نے بتایا کہ ’پوری دنیا میں ہماری اصل پہلوان ریوڑی کا نام ہے، جو پاکستان بھر کے علاوہ بیرون ملک بھی لوگ اپنے عزیز و اقارب کو بطور تحفہ بھجواتے ہیں۔‘

 چکوال کی اس مشہور ریوڑی کا اصل سیزن سردیوں کا ہوتا ہے اور موسم سرما میں اس کا استعمال بہت بڑھ جاتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا