اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش: 12 اموات، ہسپتالوں میں ایمرجنسی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے جاری شدید بارشوں کے باعث گولڑہ موڑ چوک کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس کی دیوار گرنے سے 12 افراد چل بسے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے جاری شدید بارش کے باعث گولڑہ موڑ چوک کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس کی دیوار گرنے سے 12 افراد چل بسے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار مونا خان کو بتایا کہ گولڑہ موڑ چوک کے قریب زیر تعمیر انڈرپاس کے قریب مزدور سو رہے تھے کہ بارش کے باعث دیوار ان کے اوپر آ گری، جس کے باعث اموات ہوئیں۔

پاکستان وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام اباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب 12 افرد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

راولپنڈی کی اسسٹنٹ کمشنر نہال حفیظ نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ کنسٹرکشن کمپنی نے مزدوروں کو مناسب رہائش کیوں فراہم نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے پانی جمع ہو گیا جس کے باعث دیوار کی بنیادیں نرم ہو گئیں اور وہ مہندم ہو گئی۔

دوسری جانب نامہ نگار قرۃ العین شیرازی کے مطابق جڑواں شہر راولپنڈی میں بارش کے باعث گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونے لگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح 17 فٹ تک بلند ہوئی تھی تاہم اب صرف چار فٹ تک ہی پانی موجود ہے۔

اس سے قبل بارش کے باعث گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث حکام نے رین ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایمرجنسی سائرن بجا دیے گئے اور نشیبی علاقوں اور گوالمنڈی میں ریسکیو اہلکاروں نے آگاہی پیغام دینا شروع کر دیے ہیں۔

راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے مطابق راولپنڈی میں 186ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی اور اس وقت کٹاریاں میں پانی کی سطح 19 فٹ اور گوالمنڈی پر 18 فٹ ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 سے 23 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمکہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 18 جولائی کی شام ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 18 سے 22 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دیہاتوں سے 14 ہزار کے قریب رہائشیوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان