صوابی میں رہٹ مقابلے، جہاں ’ایک کروڑ روپے‘ تک کے بیل دوڑتے ہیں

صوابی میں رہٹ پر آٹھ منٹ میں سب سے زیادہ چکر لگانے والے بیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں کھیل رہٹ (بیل دوڑ) میں حصہ لینے والے بیلوں کی قیمت ایک کروڑ روپے تک جا پہنچتی ہے۔

صوابی کے علاقے کالوخان میں رہٹ بیل دوڑ مقابلے، جنھیں مقامی زبان میں جلسہ کہتے ہیں، منقعد کرنے والے 32 سالہ ولید احمد نے بتایا یہ کھیل پچھلے 70، 80 سال سے صوابی میں کھیلا جا رہا ہے، جب کہ پنجاب میں اس کھیل کو دھاندوں کا شوق کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں بہت سارے کھیل کھیلے جاتے ہیں، جن میں مخہ نمائش، رہٹ بیل دوڑ اور دیگر شامل ہیں۔

ولید کے مطابق رہٹ بیل دوڑ کا مختلف گاؤں میں ایک مہینے میں ایک جلسہ منعقد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں قدیم زمانے میں بیلوں کی مدد سے کنوؤں سے پانی نکالا جاتا تھا۔

’آج کے جدید دور میں اس مقصد کے لیے ٹریکٹر اور دوسری مشینیں استعمال کی جاتی ہیں۔‘ 

انہوں نے بتایا کہ رہٹ کے کھیل میں ہر بیل استعمال نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے مخصوص بیل ہوتا ہے، جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے تک ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ذاتی بیل کی قیمت 30 لاکھ روپے ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ولید کے مطابق مقابلے کے دوران رہٹ پر بیل آٹھ منٹ تک دوڑتا ہے اور ایک کمیٹی مقابلے کے قوانین پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بیل کو دوڑانے کے لیے ڈول بجایا جاتا ہے۔ ’دوسری کوئی آواز ہوتی ہے نہ اشارہ۔ نہ کوئی بیل کو مار سکتا ہے۔

’مقررہ آٹھ منٹ میں جو بیل زیادہ چکر لگاتا ہے وہ جیت جاتا ہے، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بھی ہوتی ہے۔

کالو خان میں حالیہ رہٹ بیل دوڑ مقابلے میں 40 بیلوں نے حصہ لیا، جن میں بونیر کے علاقے جنگدرہ کے نثار کاکا کے بیل ’لونگین‘ نے آٹھ منٹ میں 166 چکر لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ولید کے بیل ’چارا‘ نے 165 کے ساتھ دوسری اور صوابی کے فرقان خان کے بیل ’نواب‘ نے 162 چکر لگا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا