پاکستان کے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت پوری طاقت کے ساتھ ان اداروں کی نجکاری کرے گی جن کی منظوری ہو چکی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پیر کو انڈیپنڈنٹ اردو کو دیے انٹرویو میں کہا کہ ’الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے معاشی فیصلوں کے لیے نگران حکومت کو بااختیار بنا دیا گیا ہے جس میں نجکاری بھی شامل ہے جس کے فیصلے گذشتہ حکومت میں ہو چکے ہیں۔‘
وزارت نجکاری کی ویب سائٹ پر جاری لسٹ کے مطابق پانچ سیکڑز جن میں رئیل سٹیٹ، ایوی ایشن سیکٹر، فنانشل، انڈیسٹریل اور انرجی سیکٹر شامل ہیں کے 27 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔
جاری کردہ لسٹ کے مطابق جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد اور امریکہ میں پاکستان ایئر لائن کا روز ویلٹ ہوٹل شامل ہے۔ اس فہرست کے مطابق پاکستان کی سرکاری ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
ڈالر کی قدر میں گراوٹ سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک ہم نے سٹے بازی، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کو روکا ہے جس کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔‘
مرتضیٰ سولنگی نے کہا: ’یہ اقدامات مزید سختی سے ہوں گے مگر جب تک معیشت کی بنیادیں ٹھیک نہیں ہوں گی تو یہ مسئلہ مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوگا۔‘
بجلی کے بلوں میں اضافے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں چاہے وہ سیاست دان ہو یا غیر سیاست دان۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب نگران حکومت نے بجلی کے بلوں سے متعلق ایک فیصلہ کر لیا تھا تو اس کا اعلان اس لیے نہیں کیا تھا کہ کہیں واشنگٹن ڈی سی (آئی ایم ایف) سے ایک سطر کی پریس ریلیز نہ آئے کہ ہمیں اس پر تحفظات ہیں۔
بجلی کے بلوں کے معاملے پر احتجاج سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پر تشدد نہیں مگر پُرامن احتجاج شہریوں کا آئینی حق ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی پاکستان آئے اور آئندہ بھی آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’محمد بن سلمان کا دورہ ان کی مصروفیات اور شیڈول کے مطابق ہو گا مگر وہ ضرور آئیں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عمران ریاض خان کی گمشدگی سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ: ’وہ پاکستان کے شہری ہیں، لاپتہ ہیں اور حتمی ذمہ داری ریاست کی ہے۔‘
نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’عمران ریاض سے متعلق میرے پاس اتنی ہی معلومات ہیں جتنی اداروں نے لاہور ہائی کورٹ میں پیش کی۔‘
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عمران ریاض کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے کہ وہ کہاں ہیں کس حال میں، اپنے کردار کے مطابق وہ کوشش کر رہے ہیں۔
ارشد شریف قتل کیس سے متعلق مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ریاست کینیا کی حکومت سے اس معاملے پر رابطے میں ہے مگر ان کی تفصیلات بتانے کی انہیں آزادی نہیں۔
ان کا کہنا تھا اس معاملے پر تفتیش ہو رہی ہے مگر اس کے مندرجات نہیں بتا سکتے۔
الیکشن کی تاریخ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ الیکشن نے حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا کہا ہے اور اس حساب سے فروری کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہو سکتے ہیں۔