پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعے کو کہا کہ پاکستان افغان سرحد کے قریب واقع ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے تین شدت پسند مارے گئے جبکہ چار اہلکار بھی جان سے چلے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’سکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم جان سے چلے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید کہا گیا: ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔‘
آئی ایس پی آر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب آج بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئی ہیں۔
مستونگ میں 12 ربیع الاول کے جلوس میں ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 52 اموات ہوئی ہیں اور 50 سے زائد زخمی ہیں۔
دوسری جانب ہنگو میں بھی دو آبہ پولیس سٹیشن کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں چھت گرنے سے 40 سے 50 افراد ملبے تلے دب گئے۔