سنگاپور کے ایک شخص نے ویت نام جانے والی پرواز کے دوران اپنا ہاتھ کپ ہولڈر میں یہ دیکھنے کے لیے پھنسا لیا کہ آیا اس میں پورا آتا ہے یا نہیں، جو کئی منٹ تک پھنسا رہا۔
29 سالہ ابراہم ڈی لورے اپنے دوست درشین کونا نامی مقامی انفلوئنسر کے ساتھ ہو چی منہ سٹی جانے والی پرواز میں تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ سچی دوستی کی علامت کے طور پر کونا نے اپنا فون نکالا اور اس کی ویڈیو بنا لی۔
اس ویڈیو کو بعد میں ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا گیا جہاں اسے چار لاکھ 75 ہزار سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
ویڈیو کا آغاز ڈی لورے کے ہاتھ سے ہوتا ہے جو پہلے سے ہی سوراخ میں ہے۔ وہ کونا سے کہتے ہیں اس پر ’مکھن لگائیں‘ تاکہ اسے دبا کر باہر نکالنے کی کوشش کی جا سکے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’فلائٹ اٹینڈنٹ کو مت بلائیں‘ جو تھوڑے شرمندہ بھی نظر آ رہے تھے۔
تاہم پھر ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کونا ایک فلائٹ اٹینڈنٹ کو بتا رہے ہیں کہ کیا ہوا تھا۔ ڈی لورے کی مدد کرنے کی بھرپور کوشش کے بعد خاتون نے دونوں کو بتایا کہ عملے کے پاس اور مکھن نہیں ہے۔
ویڈیو کا اختتام ڈی لورے پر ہوتا ہے جس میں وہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اپنا ہاتھ کھینچ کر باہر نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بعد ازاں انہوں نے سنگاپور کی ایک آن لائن نیوز ویب سائٹ ’مدرشپ‘ کو بتایا کہ یہ ناخوشگوار صورت حال تقریباً 10 منٹ تک رہی۔
انہوں نے کہا کہ ’بنیادی طور پر، میں نے اپنے ذہن میں اچانک آنے والے خیال پر عمل کیا۔
’اس کا باہر نکل آنا میرے لیے باعث راحت تھا۔‘
ڈی لورے نے بعد میں انسائیڈر کو بتایا کہ ان کے ہاتھ پر خراشیں آئیں اور وہ کونا کی اس ویڈیو میں (لوگوں کی) دلچسپی دیکھ کر حیران رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے نہیں سوچا تھا کہ لوگ اس میں اتنی دلچسپی لیں گے۔‘
متعدد ٹک ٹاک صارفین نے ’پارٹ ٹو‘ کا مطالبہ کیا ہے۔
کونا نے بعد میں ایک دوسری ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں ڈی لورے کو اپنا ہاتھ کھینچ کر باہر نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فالو اپ(دوسری) ویڈیو کو تادم تحریر چار لاکھ 40 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے۔ ٹک ٹاک نے اصل ویڈیو میں انتباہ شامل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایسی سرگرمی میں حصہ لینے کے نتیجے میں آپ یا دوسروں کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔‘
© The Independent