سی آئی اے سابق اہلکار کا خواتین کو نشہ دے کر بدسلوکی کا اعتراف

امریکی محکمہ انصاف نے کہا کہ سابق افسر نے منگل کو اعتراف کیا کہ انہوں نے دو درجن سے زیادہ خواتین کی برہنہ اور نیم برہنہ حالت میں تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔

14 اگست، 2008 کی اس تصویر میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے لینگلے میں واقع ہیڈکوارٹرز کا ایک منظر(اے پی فائل)

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملک کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک سابق افسر نے امریکہ اور میکسیکو میں متعدد خواتین کو نشہ دے کر ان کے ساتھ جنسی بدسلوکی کا اعتراف کیا ہے۔

یہ جرائم 14 سال سے زیادہ عرصے میں ہوئے۔ اس مدت کے ایک حصے میں 47 سالہ برائن جیفری ریمنڈ کو میکسیکو سٹی میں امریکی حکومت نے سفارت خانے میں ملازمت پر رکھا۔

عدالتی ریکارڈ میں اگست 2018 سے جون 2020 کے درمیان ریمنڈ کی جانب سے کیے گئے حملوں کی تفصیلات شامل ہیں جب وہ میکسیکو سٹی میں رہتے تھے۔ اس وقت وہ امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔

استغاثہ کے مطابق انہوں نے بنیادی طور پر ڈیٹنگ ایپس ٹِنڈر اور بمبل پر ملنے والی خواتین کو نشانہ بنایا۔ ریمنڈ نے امریکہ میں جنسی جرائم کا ارتکاب واشنگٹن ڈی سی میں کیا۔

امریکی محکمہ انصاف نے کہا کہ سابق افسر نے منگل کو اعتراف کیا کہ انہوں نے دو درجن سے زیادہ خواتین کی برہنہ اور نیم برہنہ حالت میں تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔ اس دوران خواتین یا تو بے ہوش تھیں یا ان کی حالت ایسی نہیں تھی کہ اس کام کے لیے رضامندی ظاہر کر سکیں۔

کچھ ویڈیوز میں سابق اہلکار کو خواتین کے جسم کو چھوتے اور چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ متاثرہ خواتین کی صحیح تعداد 28 بتائی جاتی ہے۔ اس کے بعد وہ یہ مواد میکسیکو سے امریکہ لائے جو الیکٹرانک آلات پر محفوظ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عدالتی دستاویزات کے مطابق ریمنڈ نے جان بوجھ کر خواتین کو منشیات، نشہ آور اشیا یا دیگر اشیا دیں تاکہ انہیں بے ہوش کیا جا سکے۔

ریمنڈ پر جنسی استحصال، بدسلوکی، زبردستی، سفر پر اکسانے اور فحش مواد کی نقل و حمل کے وفاقی سطح پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

جاری وفاقی تحقیقات کے بارے میں جاننے کے بعد، ریمنڈ نے اپنے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹ سے ویڈیوز اور تصاویر ہٹانے کی کوشش کی۔

سابق افسر نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت توقع ہے کہ انہیں 24 سے 30 سال قید کی سزا دی جائے گی۔ رہائی کے بعد انہیں تاحیات نگرانی میں رکھا کیا جائے گا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق انہیں اپنی ہر متاثرہ خاتون کو 10 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

ریمنڈ کو سزا سنانے کے لیے مقدمے کی سماعت ستمبر 2024 میں ہو گی۔

ان کی سزا کا تعین وفاقی ضلعی عدالت کے جج کریں گے جو یہ فیصلہ کرتے وقت  سزا کے امریکی رہنما اصولوں اور دیگر قانونی عوامل پر غور کریں گے کہ ریمنڈ کو کتنا عرصہ جیل میں گزارنا ہو گا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ