امریکی اداکارہ جینا اورٹیگا مبینہ طور پر سکریم فرنچائز کی ساتویں فلم ’سکریم 7‘ سے دست بردار ہو گئی ہیں۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایک روز قبل جینا کی ساتھی اداکارہ میلیسا بیریرا کو سوشل میڈیا پر اسرائیل ۔ فلسطین پر تبصروں کی وجہ سے اس ہارر فرنچائز سے نکال دیا گیا تھا۔
ہالی وڈ میگزین ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق 21 سالہ جینا اورٹیگا اپنی ہٹ نیٹ فلکس سیریز ’وینس ڈے‘ (Wednesday) کے دوسرے سیزن کے شیڈول کی وجہ سے سکریم کی سیکوئل فلم سے دست بردار ہوئی ہیں۔
نیٹ فلکس سیریز ’وینس ڈے‘ میں وہ دی ایڈمز فیملی سے تعلق رکھنے والی وینس ڈے ایڈمز کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
دی انڈپینڈنٹ نے تبصرے کے لیے جینا اور فلم بنانے والی کمپنی ’سپائی گلاس‘ کے نمائندوں سے رابطہ کیا ہے۔
منگل (21 نومبر) کو کمپنی کے ایک ترجمان نے فیشن میگزین ’ورائٹی‘ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میلیسا بیریرا کو ان کی سوشل میڈیا پر مبینہ اینٹی سیمٹک (یہود مخالف) پوسٹس کی وجہ سے فلم سے نکالا گیا۔
ترجمان کے مطابق: ’سپائی گلاس کا مؤقف مکمل طور پر واضح ہے اور وہ یہ کہ ہم یہود مخالفت یا کسی بھی شکل میں نفرت کو بھڑکانے، جس میں نسل کشی اور پوری نسل کو مٹانے کے جھوٹے دعوے، ہولوکاسٹ کے انکار یا کوئی بھی ایسی چیز جو واضح طور پر نفرت انگیز بیانات کی حد سے تجاوز کرتی ہو، کو برداشت نہیں کرتے۔‘
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں میلیسا نے لکھا تھا کہ غزہ کے ساتھ ’ایک حراستی کیمپ جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔‘
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا: ’مغربی میڈیا صرف (اسرائیلی) موقف دکھاتا ہے۔ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں؟ میں چاہتی ہوں کہ آپ خود اندازہ لگائیں۔‘
33 سالہ میکسیکن اداکارہ میلیسا نے 2022 میں مشہور سلیشر فرنچائز میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے جینا کے ساتھ اس فرنچائز کی پانچویں اور چھٹی فلموں میں لیڈ رول نبھایا تھا۔
ان کے ترجمان نے اس حوالے سے دی انڈپینڈنٹ کے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سکریم 7 کے ڈائریکٹر کرسٹوفر لینڈن نے ایکس پر لکھا: ’اس بارے میں میرا بیان یہ ہے کہ سب کچھ بیکار ہے۔ چیخنا چلانا بند کریں۔ یہ میرا فیصلہ نہیں تھا۔‘
منگل کو آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سوزین سارینڈن کو ان کی ٹیلنٹ ایجنسی ’یو ٹی اے‘ نے 17 نومبر کو نیو یارک سٹی میں فلسطین کی حامی ریلی میں کیے گئے تبصروں کی وجہ سے ڈراپ کر دیا۔
’تھیلما اینڈ لوئیس‘ فلم میں کام کرنے والی 77 سالہ سوزین نے کہا کہ ’بہت سارے لوگ خوف زدہ ہیں، جو اس وقت یہودی ہونے کی وجہ سے خوف کا شکار ہیں اور وہ اس ملک میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک جیسا مزہ چکھ رہے ہیں، جن کو اکثر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔‘
الفریڈ گف اور مائلز ملر کی جانب سے بنائی گئی سیریز ’وینس ڈے‘ ریلیز کے صرف ایک ہفتے کے بعد مجموعی طور پر 341.2 ملین گھنٹے تک نشر ہوئی تھی، جس نے ایک اور امریکی سیریز ’سٹرینجر تھنگز‘ کے ریکارڈ کو توڑ دیا تھا۔
شو کی کامیابی کے بارے میں دی انڈپینڈنٹ کے ایک آرٹیکل میں بتایا گیا تھا کہ جینا کی لیڈ رول میں شاندار کارکردگی کے باوجود اس کی کامیابی کی کئی وجوہات ہیں جن میں بنیادی طور پر ریورڈیل کی طرح ایڈمز فیملی کا کردار بھی اہم تھا۔
’وینس ڈے‘ کا دوسرا سیزن 2024 کے اختتام تک ریلیز ہونے کی امید ہے۔
© The Independent