بلاول کو ہم نے آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے: آصف زرداری

پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد کو یہ نظر نہیں آتا کہ پاکستان کا دل بلوچستان ہے اور ہمیں نظر آتا ہے، اسے جیتنا بہت ضروری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقعے پر جمعرات کو کوئٹہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’ہر دور میں ہم نے بلاول کی سپورٹ کرنی ہے اس کی تربیت کرنی ہے اور جو ہمیں آتا ہے اسے منتقل کرنا ہے۔ اسے ہم نے آپ کا لیڈر بنانا ہے اور اسے سپورٹ کرنا ہے۔‘

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’میرے بیٹے نے پاکستان کا سب سے کم عمر وزیرِ اعظم (وہ شاید وزیرِ خارجہ کہنا چاہ رہے تھے) بن کر پورے پاکستان کی عزت اوپر کر دی، پاکستان کا پرچم بلند کر دیا۔ اس کی ہر جگہ شناخت تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اسلام آباد کو یہ نظر نہیں آتا کہ پاکستان کا دل بلوچستان ہے اور ہمیں نظر آتا ہے، اسے جیتنا بہت ضروری ہے۔ بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت بڑا غم اور دکھ پھیلا ہے جس پر ہم نے مرہم رکھنا ہے۔‘

سابق صدر نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر چیز چاہے گیس ہو، پیٹرول ہو یا چاہے پورٹ ہو وہ آپ کا ہے۔‘

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا اگلا وزیراعلیٰ جیالا بنے گا اور ان کی جماعت صوبے کی قسمت بدلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک کو نئی سوچ اور نئی طرز کی سیاست کی ضرورت ہے، پرانی طرز کی سیاست تقسیم، نفرت اور انتقام پر مبنی تھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پہلا موقع ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنا یومِ تاسیس کوئٹہ میں منعقد کروایا ہے۔

اس میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو کے علاوہ پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

کوئٹہ سے صحافی اعظم الفت کے مطابق صوبائی نگران حکومت نے اس جلسے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جلسے میں شریک ہونے والے لوگوں میں سندھ سے آنے والوں کی بھی خاصی تعداد شامل تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست