راولپنڈی: دھمیال میں گیس پائپ لائن میں آگ پر قابو پا لیا گیا

ریسکیو حکام کے مطابق پیٹرول لائن ضلع راولپنڈی میں واقع اٹک آئل ریفائنری کی ہے، جس میں صبح سویرے پہلے دھماکا ہوا اور اس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔

25 دسمبر کی اس تصویر میں ریسکیو کا عملہ راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں لگنے والے آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہا ہے(سکرین گریب: ریسکیو 1122)

راولپنڈی کے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھمیال کے علاقے میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس پر دو گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق پیٹرول لائن ضلع راولپنڈی میں واقع اٹک آئل ریفائنری کی ہے، جس میں صبح سویرے پہلے دھماکا ہوا اور اس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔

آگ کے شعلوں نے پلک جھپکتے ہی قریب کے ایک گھر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جبکہ حکام نے قریب کے کچھ دوسرے مکانات کو احتیاطاً خالی کروا لیا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار عبداللہ جان کے مطابق ریسکیو راوپنڈی کے ترجمان عثمان گجر نے بتایا کہ آپریشن میں تین فائر ٹینڈرز سمیت چھ ایمرجنسی گاڑیاں مصروف رہیں، جبکہ ایک درجن سے زیادہ اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے میں مدد فراہم کی۔

ان کے مطابق آگ پر تھوڑی ہی دیر میں قابو پا کر اسے محدود کر دیا گیا تھا۔ ’تاہم زیادہ وقت اس لیے لگ گیا کہ کئی مرتبہ شعلے ختم ہونے کے بعد آگ دوبارہ بھڑک اٹھی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایک گھر کو نقصان پہنچا جبکہ کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔

راولپنڈی کی مقامی انتظامیہ نے پائپ لائن کے پھٹنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق ’پائپ لائن کی سپلائی بند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔‘


مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان