ملتان سے تعلق رکھنے والے اقبال گھانگلہ موٹر سائیکل پر ورلڈ ٹور کرنے کے خواہش مند ہیں۔
اقبال گھانگلہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے سنہ 1992 میں سائیکل پر ورلڈ ٹور کرنے کی کوشش کی تھی جو اس وقت ناکام ہو گئی تھی لیکن اس دوران وہ کئی ممالک کے دورے کرتے رہے۔
اقبال گھانگلہ اپنے ورلڈ ٹور کے خواب کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں۔
اقبال گھانگھلہ نے بتایا کہ ’یہ سفر 11 نومبر 2023 کو ملتان شے شروع ہوا تھا۔ ملتان سے کوئٹہ کے لیے ساڑھے آٹھ سو کلو میٹر طے کیا، اس کے بعد پھر میں نے وہاں سے تافتان تقریباً 650 کلو میٹر کا سفر کیا۔
’اس کے بعد میں ایران کے شہر زاہدان آیا جو ایران کا بڑا شہر ہے وہاں پر ایک رات گزاری اس کے بعد میں چاہ بہار آیا۔ چاہ بہار سے بندر عباس بھی تقریباً سات سو کچھ کلو میٹر سفر کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے مطابق ’میں تین دن بندر عباس میں ہی رہا پھر موٹر سائیکل کے ساتھ فیئری کے ذریعے شارجہ پہنچا۔ دو تین دن وہاں رہا پھر وہاں سے نکل کر لوکل بائیکر کی دعوت پر میں لیوا ڈیزرٹ گیا۔ اب یہاں سے فجیرا، العین، اس کے بعد پھر میں سعودی عرب جا کر عمرہ ادا کروں گا۔‘
اقبال گھانگلہ کے مطابق ’عمرہ کرنے کے بعد پھر سعودی عرب کا ہی ٹور شروع کرنا ہے اور اس کے بعد پھر میں نے بحرین، قطر اور عمان جانا ہے اس کے بعد اردن، شام اور لبنان تک جانے کی کوشش کروں گا۔‘
اقبال گھانگلہ چاہتے ہیں وہ اس کے بعد عراق کا ویزہ لے کر عراق اور ایران کے بعد پاکستان واپس پہنچیں۔
اپنے اس ٹور کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’میں چاہتا ہوں سعودی عرب میں لوکل بائیکرز سے مل کر انہیں پاکستان کے بارے میں ترغیب دلواؤں۔
’ان کو دعوت دینی ہیں کہ آپ آئیں پاکستان گھومیں پھریں۔ میری کوشش ہے کہ میں عرب ممالک کے لوگوں کے ساتھ ملوں اور ان کے کلچر اورثقافت کو قریب سے دیکھوں۔‘
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔