انتظامات مکمل، انتخابات ملتوی کرنا مناسب نہیں: الیکشن کمیشن

انتخابات کے التوا کے لیے سینیٹ سے پانچ جنوری کو منظور کی گئی قرارداد کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا کہ سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

ایک سکیورٹی اہلکار 21 ستمبر، 2023 کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر کھڑا ہے (اے ایف پی/ عامر قریشی)

پاکستان میں انتخابات کے نگران ادارے الیکشن کمیشن نے پیر کو ایک بیان کہا ہے کہ آٹھ فروری کو انتخابات کرانے کے تمام انتظامات کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور اس مرحلے میں انہیں ملتوی کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب حال ہی میں دو اراکین سینیٹ ہدایت الرحمٰن اور ہلال الرحمٰن نے دو قراردادیں جمع کروائیں جن میں امن و امان کی صورت حال اور سرد موسم کی بنیاد پر انتخابات ملتوی کرنے کا کہا گیا جب کہ ایک اور سینیٹر دلاور خان نے بھی چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا ہے کہ وہ ان قرار دادوں پر غور کریں۔

اس سے قبل پانچ جنوری 2024 کو سینیٹ میں آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کی گئی لیکن جب یہ قرارداد پیش کی گئی تو اس وقت ایوان میں محض 15 اراکین تھے۔

لیکن ایک ہی روز بعد یعنی چھ جنوری 2024 کو ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی حمایت سے ایک اور قرار داد پیش کی گئی جس میں انتخابات بروقت کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے پیر کو سامنے آنے والے مراسلے کے مطابق ادارے نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو بتایا کہ ایوان بالا سے پانچ جنوری 2024 کو منظور کرائی گئی قرارداد پر غور کیا گیا اور تمام حقائق پر غور کرنے کے بعد اس وقت الیکشن کمیشن کے لیے انتخابات کو ملتوی کرنا مناسب نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

الیکشن کمیشن نے مراسلے میں لکھا کہ صدر پاکستان کی مشاورت سے پولنگ کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ مقرر کی گئی جبکہ امن عامہ اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی بڑھانے کی خاطر نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

’کمیشن 2024 کے عام انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر چکا ہے اور سپریم کورٹ میں بھی اس عزم کا اظہار کر چکا ہے کہ 8 فروری 2024 کو انتخابات کرائے جائیں گے۔‘

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ماضی میں بھی موسم سرما میں عام اور مقامی حکومتوں کے انتخابات ہو چکے ہیں۔ ’ان تمام حقائق کو دیکھتے ہوئے کمیشن کے لیے  یہ مناسب نہیں ہو گا کہ اس مرحلہ پر انتخابات ملتوی کر دیے جائیں۔‘

ملک میں آٹھ فروری 2024 کے انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

جبکہ سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کیا اور ملک میں جلسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اگرچہ رواں ماہ عسکریت پسندوں کے متعدد حملوں میں ان امیدواروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔

اس تناظر میں ملک میں سلامتی کی صورت حال پر بھی سوالیہ نشان اٹھائے جا رہے ہیں تاہم نگران حکومت کے عہدیدار وں کا کہنا ہے کہ انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے اور سکیورٹی کی صورت حال میں بہتری کی کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔

گذشتہ ہفتے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کہ پاکستان عام انتخابات 2024  سے کچھ ہی دن دور ہے اور اس حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’انتخابات آٹھ فروری 2024 کو ہوں گے۔ ہم نے خراب ترین حالات میں بھی الیکشن کروائے ہیں، موجودہ صورت حال 2008 اور 2013 سے بہت بہتر ہے۔‘

پاکستانی فوج کی جانب سے بھی کہا جا چکا ہے کہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست