’استاد شاگرد کا معاملہ ہے:‘ راحت فتح کے تشدد کی وائرل ویڈیو پر وضاحت

راحت فتح علی خان نے اپنی وضاحتی ویڈیو میں کہا ہے کہ ’اگر شاگرد کوئی اچھا کام کرے تو وہ اسے پیار کرتے ہیں اور اگر وہ غلطی کرے تو اسے سزا بھی دیتے ہیں۔‘

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی ایک وائرل ویڈیو پر وضاحتی ویڈیو جاری کی ہے (سکرین گریب/ راحت فتح علی خان/ انسٹاگرام)

پاکستان کے معروف گلوگار راحت فتح علی خان نے ہفتے کو اپنی اس وائرل ویڈیو کی وضاحت کی ہے جس میں وہ ایک شخص پر تشدد کرتے ہوئے بار بار پوچھتے ہیں کہ ’میری بوتل کہاں ہے۔‘

یہ ویڈیو ایکس پر ٹاپ ٹرینڈز پر آئی، جس کے بعد راحت فتح علی خان نے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی اور کہا کہ ’یہ ایک استاد اور شاگرد کا معاملہ ہے۔‘

راحت فتح علی خان اسی ویڈیو میں اپنے ساتھ کھڑے دو اشخاص کا تعرف کرواتے ہیں، جن میں سے ایک شخص ان کے مطابق وہی ہے جسے وہ پہلی ویڈیو میں ’مارتے‘ دکھائی دیے جبکہ دوسرے شخص ان کے والد ہیں۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ ’اگر شاگرد کوئی اچھا کام کرے تو وہ اسے پیار کرتے ہیں اور اگر وہ غلطی کرے تو اسے سزا بھی دیتے ہیں۔‘

بعد ازاں ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے اسی ’شاگرد‘ سے کہتے ہیں کہ وہ سب کو بتائیں کہ اصل معاملہ کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس پر وہ شخص کہتا ہے کہ ’وہ پیر صاحب کا دم کیا ہوا پانی تھا اور مجھے اس وقت علم نہیں تھا کہ میں نے اسے کہاں رکھا تھا۔‘

وہ شخص مزید کہتا ہے کہ وہ راحت فتح علی خان کو اپنا استاد سمجھتے ہیں اور وہ ان سے بہت پیار بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے تشدد والی ویڈیو کو راحت فتح علی خان کو بدنام کرنے کو کوشش قرار دیا۔

اس موقعے پر راحت فتح علی خان نے کہا کہ انہوں نے ’اسی وقت اپنے شاگرد سے معافی بھی مانگ لی تھی‘، جس کو شاگرد نے ’بڑا پن‘ قرار دیا۔

تشدد والی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ایکس پر لوگوں نے راحت فتح علی خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل