پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نائن کے ہفتے کو کھیلے گئے ایک میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو دو وکٹوں سے ہرا دیا۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 10 ویں میچ میں مسلسل ناکام رہنے والی ٹیم قلندرز فتح کی تلاش میں میدان میں اتری۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے ناٹ آؤٹ اوپنر صاحب زادہ فرحان کے عمدہ 72 رنز کی مدد سے چھ وکٹوں کے نقصان پر 175 بنائے۔
فرحان نے پہلے راس وین ڈر ڈیوسن (26 رنز) اور پھر آخری اوورز میں جارج لنڈے کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔
انہوں نے 45 گیندوں پر چار چوکے اور چار چھکے لگائے۔ لنڈے نے 13 گیندوں پر جارحانہ 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
قلندرز نے آخری پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رنز بنائے۔ اس کے باقی بلے باز کراچی کی بولنگ لائن اپ کے سامنے ٹک نہ پائے۔
فخر زمان چھ رنز، شائی ہوپ 21 رنز، جہانداد خان 12 اور احسن حفیظ آٹھ رنز بنا سکے۔ کراچی کے حسن علی، میرحمزہ اور تبریز شمسی نے دو، دو وکٹیں لیں۔
کراچی کی ٹیم 176 رنز کے تعاقب میں اچھا آغاز نہ کر سکی اور چھ اوورز میں 44 رنز پر اس کے چار بیٹرز پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شان مسعود تیسرے اوور میں 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اگلے تین اوورز میں وکٹ کیپر بیٹر محمد اخلاق سات رنز، جیمز ونس آٹھ رنز اور محمد نواز 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
44 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سینیئر بیٹرز شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے اننگز کو سنبھالا اور مزید کسی نقصان کے سکور کو 139 تک لے گئے اور میچ پر گرفت مضبوط بنا لی۔
تاہم 16ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے پولارڈ کو آؤٹ کر دیا، جنھوں نے 33 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔
17ویں اوور میں دوسرے اینڈ پر جمے ہوئے شعیب ملک (39 رنز) بھی حارث رؤف کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
پولارڈ اور شعیب کے جانے کے بعد میچ سنسنی خیز ہو گیا اور آخری دو اوورز میں کراچی کو جیت کے لیے 19 رنز درکار تھے جبکہ اس کی چار وکٹیں محفوظ تھیں۔
فخر زمان نے سیکنڈ لاسٹ اوور میں خوبصورت یارکر پر ڈینیل سیمز کو بولڈ کرنے کے علاوہ صرف آٹھ رنز دیے۔
یوں کراچی کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے، جسے اس نے آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
لاہور کے زمان نے دو جبکہ شاہین، احسن حفیظ، جہانداد خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔