شہباز شریف کا امریکی سفیر سے غزہ اور ڈاکٹر عافیہ سمیت متعدد امور پہ تبادلہ خیال

ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا (15 مارچ، 2024)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے جمعے کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں غزہ اور بحیرہ احمر کی صورت حال، افغانستان میں حالات سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس بھی شامل ہے ’جسے وزیراعظم نے بھرپور انداز میں اٹھایا‘۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق علاقائی سلامتی پر حکومت کے ساتھ شراکت داری، آئی ایم ایف کے ساتھ اور اس کے ذریعے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے لیے امریکی حمایت، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے پاکستان میں جمہوریت اور آزاد صحافت کے کلیدی کردار میں امریکہ کی حمایت کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی سفارتخانے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ ڈائیلاگ میکانزم کے باقاعدگی سے انعقاد کے ذریعے مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا ’کہ ان کی حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گی۔‘

 اس سلسلے میں انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان