پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، 69 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان ہے اور 100 انڈکس پہلی بار 69057 تک پہنچ گیا۔

ایک بروکر 31 جولائی 2023 کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی تازہ ترین قیمتیں دیکھ رہا ہے (اے ایف پی)

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان ہے اور 100 انڈکس پہلی بار 69000 کی حد عبور کر گیا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار ہے۔ پیر کو دوران ٹریدنگ 100 انڈیکس میں 614 پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔کاروبار کے دوران 100 انڈیکس پہلی بار 69000 کی حد عبور کر گیا۔اضافے کے بعد 100 انڈیکس 69 ہزار57 پر پہنچ گیا۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافے کی متعدد ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔

سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کی معیشت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

معاشی ماہر ڈاکٹر اقدس افضل نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ’پی ڈی ایم حکومت کے 16 مہینوں کی حکومت نے ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر پہلے معیشت کو مستحکم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاملات اچھے طریقے سے طے کیے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ واضح اشارے موجود ہیں کہ آئی ایم ایف کے آئندہ پروگرام کے تحت پاکستان بآسانی چھ سے آٹھ بلین ڈالر حاصل کر لے گا جس سے معیشت مزید مستحکم ہو جائے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا ایجنڈا بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور وقت دور نہیں جب قومی ایئر لائن کی نجکاری کے معاملات طے پا جائیں گے۔

اقدس افضل کا مزید کہا تھا: ’سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کی ایک وجہ پاکستان کے وزیر اعظم کا سعودی عرب کا دورہ بھی ہے، جس سے بظاہر یہی لگتا ہے کہ کہ معاشی لحاظ سے دنیا کے ایک اچھی معیشت والے ملک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔

’بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ سعودی عرب ریکو ڈیک میں سرمایہ کرے گا، جو پاکستان کی معیشت کے لیے خوش خبری ہے، جس کے بعد سٹاک مارکیٹ میں مزید تیزی آئے گی، مہنگائی کم ہو گی اور ملازمتوں کے مواقع بڑھے گے۔‘

سرمایہ کار ظفرموتی والا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ  ’اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی ایک بڑی وجہ سرمایہ کاروں کو معاشی استحکام نظر آنا اور آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت اور مفید مذاکرات۔ لیکن سب سے بڑی چیز یا جسے ہم گیم چینجر کہہ سکتے ہیں وہ نجکاری کے حوالے سے سرکاری اداروں میں تیزی کا دیکھا جانا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نجکاری سے متعلق تیزی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی طرف راغب کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار پی آئی اے کے خسارے اور دوسرے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے بلکہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ اسے لینے والی پارٹی کتنی مضبوط ہے۔

’مارکیٹ میں آج بھی بوسٹ لگا ہے 1200 پوائنٹس کا اور امید ہے عید سے قبل اسٹاک مارکیٹ 70 ہزار کو عبور کر جائے گی۔‘

ظفر موتی والا کا کہنا تھا: ’وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ اور سعودی سرمایہ کاری کی باتیں نوشتہ دیوار ہے۔ سعودی عرب کو علم ہے کہ پاکستان میں ریفائنری اور انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری سے انہیں 25 کروڑ کی مارکیٹ مل جائے گی۔ اور یہ سرمایہ کاری پاکستان کی سرحدوں سے باہر بھی کام آسکتی ہے۔‘

صحافی اسلم خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’سٹاک مارکیٹ سے اچھی خبریں ہیں۔ بڑوں کے علاوہ چھوٹے سرمایہ کار بھی خوش ہیں۔ گذشتہ برس کے آخر میں بھی سٹاک مارکیٹ نے بلند سطح کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے اور رواں برس کے ابتدائی مہینوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے علاوہ امریکی صدر کا شہباز شریف کو خط اور پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش نے بھی سرمایہ کارو ں کو اعتماد دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’نجکاری پروگرام میں پیش رفت اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، سرمایہ کار پرامید ہیں کہ شرح سود کم ہو گی اور عید کے بعد بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت