لندن سٹاک ایکسچینج میں خلل ڈالنے کا منصوبہ، چھ افراد گرفتار

میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطین ایکشن نیٹ ورک کے کارکن پیر کی صبح لندن سٹاک ایکسچینج کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

نو اگست، 2017 کی اس تصویر میں لندن سٹاک ایکسچینج کی عمارت کے باہر سے گزرتی ایک خاتون(اے ایف پی)

فلسطین کے حامی سرگرم گروپ کے چھ ارکان کو لندن سٹاک ایکسچینج میں خلل ڈالنے کی سازش کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطین ایکشن(نیٹ ورک) کے کارکن پیر کی صبح لندن سٹاک ایکسچینج کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ڈیلی ایکسپریس اخبار کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اس گروپ کا ارادہ عمارت کو ٹریڈنگ کے لیے کھولنے سے روکنے کی کوشش میں ’لاک آن‘ کرکے نقصان پہنچانا تھا۔

لیورپول میں ایک 31 سالہ شخص کو مجرمانہ نیت سے نقصان پہنچانے کی سازش کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ اسی سازش کا حصہ سمجھے جانے والے مزید پانچ افراد کو اتوار کو اسی جرم میں گرفتار کیا گیا۔

البرٹ روڈ، برینٹ سے ایک 29 سالہ خاتون اور ٹاور ہیملٹس کے ووس سٹریٹ سے ایک 23 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔

لیورپول میں 28 اور 26 سال کی دو خواتین کو گرفتار کیا گیا۔ برائٹن میں ایک 27 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔

فورس نے مزید کہا کہ ’ایک تجویز تھی کہ یہ منصوبہ ہفتے بھر کی کارروائی کا ایک حصہ تھا۔‘

ڈیٹیکٹیو سپرنٹنڈنٹ سیان تھامس نے کہا: ’یہ اہم گرفتاریاں ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ یہ گروپ ایک تباہ کن اور نقصان دہ سٹنٹ کرنے کے لیے تیار تھا جس کے سنگین مضمرات ہوسکتے تھے اگر اسے کامیابی سے انجام دیا جاتا۔

’میں دی ایکسپریس کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنی تحقیقات سے حاصل کردہ معلومات فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس نے ہمیں کامیابی سے مداخلت کرنے میں مدد میں اہم کردار ادا کیا۔‘

’جمعہ کی دوپہر کو مواد ملنے کی وجہ سے ہمارے پاس کارروائی کرنے کے لیے محدود وقت تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ ہماری پبلک آرڈر کرائم ٹیم اور مرسی سائیڈ میں ہمارے ساتھیوں کی پرعزم کوششوں کی بدولت ہم ان لوگوں کی شناخت، تلاش اور گرفتاری میں کامیاب ہوئے جن کے بارے میں ہمیں شبہ ہے کہ وہ اس سازش میں ملوث ہیں۔‘

انہوں نے کہا  کہ ’اس تجویز کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ یہ ایک ہفتے کی کارروائی کا ایک حصہ ہے، ہم سٹی آف لندن پولیس سمیت برطانیہ بھر کی دیگر فورسز کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آنے والے دنوں میں کسی بھی خلل سے نمٹنے کے لیے مناسب وسائل موجود ہیں۔‘

فلسطین ایکشن(نیٹ ورک) کے ایک ترجمان نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا: ’لندن سٹاک ایکسچینج نسل پرست اسرائیل کے لیے اربوں پاؤنڈ جمع کرتی ہے اور ہتھیار بنانے والوں کے حصص کی تجارت کرتی ہے جو اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کو فروغ دیتے ہیں۔

’اگرچہ برطانیہ فلسطین کے سفاکانہ قبضے میں شریک ہے لیکن ہماری براہ راست کارروائی کی مہم کو روکا نہیں جا سکتا۔‘

یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا جب اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے خلاف ہفتے کو ہزاروں افراد نے گلوبل ڈے آف ایکشن کے حصے کے طور پر لندن کی سڑکوں پر مظاہرہ کیا تھا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ