عالیہ بھٹ کی ساڑھی بنانے میں 163 کاریگروں کے 1965 گھنٹے لگے

بالی وڈ سٹار عالیہ بھٹ نے پیر کو نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ گالا میں دوسری بار شرکت کی اور 23 فٹ کی بھاری کڑھائی والی ’سبیاساچی ڈیزائنر‘ ساڑھی میں مرکز نگاہ بنی رہیں۔

چھ مئی 2024کو میٹ گالا تقریب کے دوران بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا ایک انداز (اے ایف پی)

بالی وڈ سٹار عالیہ بھٹ نے پیر کو نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ گالا میں دوسری بار شرکت کی اور 23 فٹ کی بھاری کڑھائی والی ’سبیاساچی ڈیزائنر‘ ساڑھی میں مرکز نگاہ بنی رہیں۔

ہلکے سبز رنگ کی یہ ساڑھی فیشن ڈیزائنر سبیاساچی نے ڈیزائن کی تھی، جو ’دی گارڈن آف ٹائم‘ ڈریس کوڈ کی عملی شکل تھی۔

رواں سال کا گالا ڈریس کوڈ اسی عنوان کی ایک مختصر کہانی سے متاثر ہے جسے جے جی بیلارڈ نے 1962 میں لکھا تھا۔

عالیہ بھٹ کی ساڑھی میں ریشم کے دھاگے سے کی گئی ہاتھ کی نازک کڑھائی، شیشے، موتی اور قیمتی جواہرات شامل تھے، جس میں بیلارڈ کی کہانی کی طرح کاؤنٹ ایکسل اور ان کی اہلیہ کی شاندار زندگی کی جھلک دکھائی دیتی تھی۔

عالیہ نے شرکت سے پہلے فیشن میگزین ووگ کو اس بارے میں بتایا: ’ساڑھی کا ڈیزائن، اس کی شفافیت، شیشے کی طرح ظاہری شکل کے ساتھ نہ صرف بیلارڈ کی کہانی کے باغ کے حقیقی معیار کی طرف اشارہ ہے بلکہ ساڑھی بنانے کے شاندار، پائیدار ہنر کو خراج تحسین بھی پیش کرتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’مجھے جس چیز نے اس لباس کی طرف متوجہ کیا وہ اس کا دلیرانہ تصور تھا اور یہ کہ کس طرح یہ روایتی دستکاری کو غیر روایتی جمالیات کے ساتھ جوڑتا ہے۔ ’سبیاساچی، جو قدیم دنیا اور جدید نفاست کو ایک ساتھ لانے کے لیے پہچان رکھتے ہیں، اس سال کے میٹ گالا کی تھیم کو سمیٹنے کے لیے بہترین انتخاب تھے۔‘

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی من پسند ساڑھی پر کیے جانے والے کام کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا کہ اسے انڈیا میں 163 کاریگروں کی ایک ٹیم نے تیار کیا، جن میں دستکار، رنگنے والے اور کڑھائی کرنے والے شامل ہیں اور یہ کہ اسے بنانے میں تقریباً 1965 گھنٹے لگے۔

عالیہ بھٹ کے بلاؤز کے ڈیزائن میں سبیاساچی نے انڈین ورثے سے متاثر ہوکر قیمتی زمرد، بسرا موتی، سنگ بیروج اور کئی رنگوں کے نیلم کا استعمال کیا تاکہ لباس میں مزید رونق پیدا ہو سکے۔

خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لیے عالیہ بھٹ کے بالوں میں جواہرات کی لڑی کے ساتھ ایک جھومر اور کندھے تک لٹکتی بالیاں تھیں جن میں سبیاساچی لوازمات یعنی سنگ بیروج اور ہیرے شامل تھے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب میٹ گالا میں سبیاساچی کا ڈیزائن کردہ لباس دیکھا گیا۔ اس سے قبل نتاشا پونا والا نے 2022 میں ان کی ساڑھی پہنی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈیزائنر نے ووگ کو بتایا: ’مجھے انڈیا کا یہ سگنیچر لباس یعنی ساڑھی بنانے کا اعزاز حاصل ہے جو کئی نسلوں سے چلتی آ رہی ہے۔ یہ ساڑھی کئی تکنیکوں سے بنائی گئی دستکاری سے مزین ہے اور عالیہ بھٹ کے لیے یہ لباس ان کی زندگی بھر کی مہارت کا نچوڑ ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’یہ لباس انڈین دستکاری کی تاریخ اور اس کے افتخار کی نمائندگی کرتا ہے جس کے فروغ، تحفظ اور حفاظت کے لیے میں نے اپنا کیریئر وقف کر رکھا ہے۔‘

یہ نیٹ فلکس فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی عالیہ بھٹ کی میٹ گالا میں دوسری شرکت ہے۔ گذشتہ سال اپنے ڈیبیو پر انہوں نے پربال گرونگ کا ڈیزائن کردہ گاؤن پہنا تھا۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے عالیہ کے انداز پر پرجوش ردعمل کا اظہار کیا خاص طور پر بین الاقوامی ایونٹ میں ان کی جانب سے ساڑھی پہننے کو سراہا جا رہا ہے۔

اس سال میٹ گالا کا تھیم ’Sleeping Beauties: Reawakening Fashion‘ تھا۔

اس سال یہ گالا، کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ نمائش کے افتتاح کے ساتھ ہو رہا ہے جس میں فیشن کے 50 تاریخی ملبوسات نمائش کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں کچھ اس حد تک بوسیدہ ہو چکے ہیں کہ وہ دوبارہ پہننے کے قابل نہیں ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل