بالی وڈ سپر سٹارز شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، سلمان خان، اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی ان 800 مہمانوں میں شامل ہیں جو ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے صاحبزادے اننت امبانی کے دوسرے شاندار پری ویڈنگ ایونٹ (شادی سے پہلے کی تقریبات) میں شرکت کریں گے۔
28 سالہ اننت امبانی کی بچپن کی محبت رادھیکا مرچنٹ سے شادی 12 جولائی کو ہونا ہے لیکن 29 مئی سے شروع ہونے والا چار روزہ لگژری کروز ایونٹ اس شادی کی شاندار تقریبات کا آغاز ہے۔
29 سالہ رادھیکا کا خاندان بھی فارماسیوٹیکل کے بڑے کاروبار سے جڑا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے دعوت نامے کے مطابق کروز کا تھیم La Vite E Un Viaggio ہے جس کا اطالوی زبان میں مطلب ’زندگی ایک سفر ہے‘ اور یہ اپنے مہمانوں کو زندگی بھر یاد رہنے والے تجربے کا پیغام دیتا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری پری ویڈنگ تقریبات کا آغاز 29 مئی کو لگژری کروز لائنر پر سوار مہمانوں کے لیے پرتکلف لنچ سے ہوا۔ یہ کروز سسلی کے شہر پالرمو سے فرانس کے جنوب تک 4,380 کلومیٹر کے سفر کے لیے روانہ ہوا اور پھر وہاں سے واپسی کی۔ اگلا مرحلہ سٹار نائٹ تھیم گالا تھا۔
30 مئی کو مہمانوں کو روم کے سیاحتی دورے پر لے جایا گیا جس کا اختتام رات کو ٹوگا پارٹی کے ساتھ ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمعے کے دن مکیش امبانی کی پوتی اور ان کے بڑے صاحبزادے آکاش امبانی کی بیٹی ویدا کی پہلی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ شام کو کینز میں ایک بال پارٹی ہو گی۔
تقریب کا اختتام یکم جون کو پورٹوفینو میں لا ڈولس ویٹا نامی پارٹی کے ساتھ ہوگا جس کا مقصد اطالوی موسم گرما سے لطف اندوز ہونا ہے۔
مہمانوں کو ایک تفصیلی سفر نامہ بھی فراہم گیا ہے جس میں ہر پارٹی کے ڈریس کوڈز شامل ہیں، جس میں ٹوگا پارٹی کے لیے کلاسک کروز ویئر سے لے کر گریک رومن ملبوسات تک شامل ہیں۔
رادھیکا مرچنٹ نیو یارک کے ڈیزائنر گریس لنگ کی جانب سے ایرو ایلومینیم کے استعمال سے تیار کردہ ’گیلکٹک پرنسیس‘ لباس زیب تن کریں گئی۔
امبانی خاندان نے خرچے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جیسا کہ چھ سو عملے کی ایک ٹیم کو کروز کے دوران مہمانوں کی دیکھ بھال کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
پاپرازی میگزین کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور، رنویر سنگھ، کرشمہ کپور، کرن جوہر، اننیا پانڈے، جھانوی کپور، سارہ علی خان، ابراہیم علی خان، دیشا اور سوشل میڈیا کی معروف شخصیت اوری کروز کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
اگرچہ اس کروز کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب ہونے کی توقع نہیں ہے۔ چونکہ سیل فونز پر پابندی کو سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے اس لیے کچھ ہی معلومات سامنے آئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشہور امریکی بینڈ بیک سٹریٹ بوائز سٹار نائٹ تھیم پارٹی میں پرفارم کر رہے ہیں۔
شادی کی تقریبات کا آغاز مارچ میں مکیش امبانی کے آبائی شہر جام نگر میں پری ویڈنگ کی پہلی تقریب کے ساتھ ہوا تھا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر 15 کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے۔
تین روزہ تقریب میں امریکی گلوکارہ ریانہ کی پرفارمنس، زیورات سے لدے ہاتھی اور بل گیٹس، مارک زکربرگ اور ایوانکا ٹرمپ سمیت 1,200 مہمانوں کے سامنے بالی وڈ سٹارز پرفارمنس شامل تھی۔
30 جنوری 2024 تک فوربز کی جانب سے مرتب کی گئی دنیا بھر کے ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق مکیش امبانی ایشیا کے سب سے امیر شخص اور تیل اور ٹیلی کمیونیکیشن کاروبار کے ٹائیکون ہیں جن کی دولت کا مقابلہ ان کے ہم وطن اڈانی گروپ آف کمپنیز کے سربراہ ارب پتی گوتم اڈانی سے کیا جاتا ہے۔
بلومبرگ کے بلینیئرز انڈیکس کے مطابق امبانی خاندان کی دولت کا تخمینہ 113 ارب ڈالر ہے جو پٹرولیم ریفائننگ، مارکیٹنگ، ریٹیل، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جیو اور دیگر ڈیجیٹل سٹریمنگ سروسز میں انڈیا کے سرکردہ گروپ چلاتا ہے۔
© The Independent