بالی وڈ اداکارہ کنگنا کو ایئرپورٹ پر خاتون سکیورٹی اہلکار کا تھپڑ

چندی گڑھ ایئرپورٹ پر تعینات سکیورٹی آفیسر کلوندر کور کے مطابق انہیں کسانوں کے احتجاج کے متعلق کنگنا کے ایک تبصرے پر غصہ تھا۔

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت (بائیں) اور ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی اہلکار کلوندر کور (دائیں) (اے ایف پی/ یوٹیوب سکرین گریب)

حالیہ انتخابات میں نریندر مودی کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ سے منتخب ہونے والی متنازع بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ہوائی اڈے پر تھپڑ مارنے والی سکیورٹی آفیسر کلوندر کور نے کہا ہے کہ وہ کسانوں کے احتجاج کے بارے میں اداکارہ کے ایک پرانے تبصرے سے بھڑک اٹھی تھیں۔

کلوندر کور نے انڈین نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کو بتایا: ’کنگنا کے اس بیان نے کہ کسان احتجاج میں صرف ایک سو روپے کے لیے بیٹھے ہیں، مجھے غصہ دلا دیا تھا۔ کیا وہ سو روپے کے لیے وہاں جا کر بیٹھیں گی؟ میری والدہ وہاں بیٹھی تھیں اور احتجاج کر رہی تھیں۔‘

ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکار کلوندر کور کو اس واقعے کے بعد معطل کر دیا گیا اور انہیں پولیس کیس کا سامنا ہے۔ واقعے کے بعد چندی گڑھ سے دہلی پہنچنے پر کنگنا نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردی‘ بڑھ رہی ہے۔

ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا: ’یہ واقعہ سکیورٹی چیک اِن کے وقت پیش آیا۔ خاتون گارڈ میرے گزرنے کا انتظار کر رہی تھی۔

’اس کے بعد وہ آئی اور مجھے تھپڑ مارا اور برا بھلا کہنے لگی۔ میں نے (اس سے) پوچھا کہ اس نے مجھے کیوں مارا تو اس نے کہا کہ میں کسانوں کی حمایت کرتی ہوں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں اب محفوظ ہوں لیکن میری تشویش یہ ہے کہ ہم پنجاب میں دہشت گردی اور تشدد میں حیران کن اضافہ کیسے سنبھالیں گے؟‘

آن لائن تیزی سے وائرل ہونے والی موبائل فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کنگنا کو چیک ان کاؤنٹر پر لے جایا جا رہا ہے اور جب وہ وہاں پہنچیں تو زبانی جھگڑا شروع ہو گیا۔ تاہم ویڈیو میں اداکارہ کو تھپڑ مارے ہوئے نہیں دکھایا گیا۔

اس واقعے کے بعد ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی نے کہا کہ ’اس معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ افسوس ناک ہے کہ سکیورٹی میں شامل ایک اہلکار اس میں ملوث ہے۔ جو بھی ہوا غلط تھا۔‘

سینٹرل ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) میں کانسٹیبل کلوندر 2020 میں مودی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے ملک گیر احتجاج کے عروج کے دوران کنگنا کے ’نفرت انگیز‘ بیان کا حوالہ دے رہی تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اداکارہ نے کسانوں کے مظاہرے میں نظر آنے والی ایک بزرگ خاتون کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ’100 روپے میں دستیاب ہیں۔‘

تاہم عوام میں غم و غصے پھیلنے کے بعد وہ اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔

کنگنا فروری 2021 میں اس وقت بھی سرخیوں میں نظر آئیں جب امریکی پاپ سٹار ریحانہ کسانوں کے احتجاج پر بی جے پی حکومت پر تنقید کرتی نظر آئیں۔

ریحانہ نے لکھا تھا: ’ہم اس (کسانوں کے احتجاج) کے بارے میں بات کیوں نہیں کر رہے؟‘

اس پر کنگنا نے جواب دیا: ’کوئی بھی اس کے بارے میں بات نہیں کر رہا کیونکہ وہ کسان نہیں ہیں، وہ دہشت گرد ہیں جو انڈیا کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ چین ہمارے ملک پر قبضہ کر سکے اور اسے چینی کالونی بنا سکے۔ آرام سے بیٹھ جا احمق، ہم اپنی قوم کو تم لوگوں کی طرح نہیں بیچ رہے۔‘

کنگنا نے بعد میں یہ پوسٹ بھی ڈیلیٹ کر دی تھی۔ کسانوں کا احتجاج 2020 میں شروع ہوا تھا جس نے پوری دنیا سرخیاں بنائی تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم