چھ اور سات مئی کی درمیانی انڈیا نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں میزائل حملے کیے جن میں سے ایک حملہ مریدکے کے قریب ہوا۔
انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار قرۃ العین شیرازی نے مریدکے سے چند کلومیٹر دور ننگل ساہدان کے علاقے کا دورہ کر کے وہاں کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مقامی لوگوں اور حکام سے مل کر معلومات حاصل کیں جن کے مطابق یہاں واقع ایک عمارت پر رات کو 12 بج کر چار منٹ پر دو میزائل ایک ساتھ داغے گئے، جس کے دس منٹ بعد دو مزید میزائل عمارت پر آ لگے۔
یہ عمارت ایک مقامی ہسپتال کا ایڈمن بلاک حصہ ہے، اس کے قریب ہی ہسپتال کی عمارت ہے، جس کے ساتھ دو گھر تھے اور ساتھ ہی ایک مسجد تھی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان حملوں میں تین افراد جان سے گئے، جو سرکاری ملازم تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مریدکے کے اسسٹنٹ کمشنر عثمان جلیل نے بتایا کہ یہ عمارتیں پہلے ہی سے خالی کروا لی گئی تھیں کیوں کہ علاقہ سرحد سے قریب تھا اور اسے خطرہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہاں کافی سارے سٹوڈنٹس تھے جن کو ہم نے پہلے ہی نکال لیا تھا، صرف مختصر عملہ تھا۔ جو رہائشی گھر تھے وہ بھی خالی تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہاں پر ہائی الرٹ تھا جس کی وجہ سے اسے خالی کروایا گیا کیوں کہ یہاں پر تین ہزار سے زائد طلبہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار فوری طور پر یہاں پہنچ گئے تھے، اور اس علاقے کو بند کر دیا گی۔