ڈرون دراندازی نے پاکستان کے انڈیا پر حملے کو یقینی بنا دیا: وزیر دفاع پاکستان

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ جمعرات کو پاکستان میں انڈیا کی ڈرون دراندازی نے انڈیا پر پاکستان کے حملے کو ’یقینی‘ بنا دیا ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان گذشتہ دو دن سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری اس کشیدگی پر لائیو اپ ٹیٹس یہاں دیکھیے:

  • پہلے انڈیا نے حملہ کیا اور اب دونوں ممالک ایک دوسرے پر ڈرون حملوں کے الزامات لگا رہے ہیں۔
  • پاکستانی فوج کے مطابق 31 پاکستانیوں کی اموات ہوئیں، 57 زخمی ہوئے۔
  • انڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جوابی گولہ باری سے 15 اموات ہوئیں۔

شام 6 بجکر 42 منٹ

پاکستان نے انڈین طیارے گرائے یا نہیں، جواب صحیح وقت پر دیں گے: انڈین سیکریٹری خارجہ

پاکستان کے انڈین جنگی طیاروں کو مار گرانے کے حوالے سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کا کہنا ہے کہ اس سوال کا جواب ’صحیح وقت‘ پر دیا جائے گا۔

 جمعرات کو دہلی میں وزارت خارجہ کی ’آپریشن سندور‘ کے دوسرے حصے کے بارے میں بریفنگ کے دوران جب ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان انڈیا کے جنگی طیارے مار گرانے کے دعوے کر رہا ہے اس بارے میں ان کا کیا کہنا ہے کہ تو انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس سوال کا جواب ’صحیح وقت‘ پر دیا جائے گا۔

اس بریفنگ میں ان کے ہمراہ کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومکا سنگھ بھی موجود تھیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انڈین حکام کا کہنا تھا کہ ’آپریشن سندور کے دوران نیلم جہلم ڈیم کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔‘

پاکستانی حکام یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کیے جانے والے حملوں میں انڈیا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچایا اور ایک ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔

تاہم انڈیا کے سیکرٹری خارجہ نے اس دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا نے صرف ان اہداف کو نشانہ بنایا جن کا تعلق دہشت گردی سے تھا۔‘

ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا انڈیا کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ آپریشن سندور میں دہشت گردی میں ملوث کسی بڑے نام کی ہلاکت ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے پاس ایسی معلومات نہیں ہیں۔

پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے دفاتر کے درمیان رابطے کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس بارے میں اس وقت کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔


شام 5 بجکر 45 منٹ

ڈرون دراندازی نے پاکستان کے انڈیا پر حملے کو ’یقینی‘ بنا دیا: وزیر دفاع پاکستان

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ جمعرات کو پاکستان میں انڈیا کی ڈرون دراندازی نے انڈیا پر پاکستان کے حملے کو ’یقینی‘ بنا دیا ہے۔

اپنے انٹرویو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ امریکہ، انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔


شام 5 بجکر 21 منٹ

انڈین وزارت خارجہ کی ’آپریشن سندور‘ کے دوسرے حصے سے متعلق کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومکا سنگھ کی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے ہمراہ بریفنگ براہ راست


شام 5 بجکر 6 منٹ

انڈین فورسز کے مطابق پاکستان نے گذشتہ رات انڈیا کے کن علاقوں کو نشانہ بنایا؟ تفصیل کے ساتھ ثاقب تنویر

 

سہ پہر 4 بج کر 27 منٹ

امریکہ کا لاہور میں اپنے عملے کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری

امریکی سفارت خانے نے پنجاب اور اس کے دارالحکومت لاہور میں اپنے عملے کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کیا جس میں امریکی اہلکاروں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس اعلامیے میں کہا گیا کہ ’لاہور میں اور نزد ڈرونز پھٹنے، گرائے جانے اور ممکنہ فضائی حدود میں دخل اندازی کے باعث امریکی کونسلیٹ جنرل لاہور نے اپنے عملے کو پناہ لینے کی ہدایت کی ہے۔‘

اعلامیے میں کہا گیا کہ کونسلیٹ کو ابتدائی معلومات ملی ہیں کہ حکام لاہور کے مرکزی ہوائی اڈے کے قریب علاقوں کو خالی کرا سکتے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ جو امریکی شہری کشیدگی والے علاقوں سے باحفاظت نکل سکتے ہیں ان کو نکل جانا چاہیے اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو پناہ لینی چاہیے۔


دوپہر 2 بج کر 55 منٹ

پاکستانی حملوں کے جواب میں پاکستانی ایئر ڈیفنس سسٹمز کو نشانہ بنایا: انڈیا

انڈیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پاکستان نے انڈیا کے شمالی اور مغربی حصوں کو ڈرونز اور مزائلز سے ٹارگٹ کیا۔

ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انڈیا کی وزارت دفاع نے کہا کہ پاکستان نے سری نگر، جموں، اوانتیپورہ، پٹھان کوٹ، امرتسر، کپورتھالا، جالندھر، لدھیانا، ادمپور، چنڈی گڑھ، نال، سمیت متعدد شہروں پر ڈرونز اور میزائیلوں سے حملے کی کوشش کی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ انڈیا نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان میں مختلف مقامات کو ٹارگٹ کیا، تاہم پاکستان کی لائن آف کنٹرول کے گرد فائرنگ سے 16 اموات ہوئیں۔

انڈیا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ انڈیا کی مسلح افواج نے پاکستان کے ایئر ڈیفنس ریڈارز اور سسٹمز کو مختلف مقامات پر نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’باوثوق طریقے سے معلوم ہوا کہ لاہور میں فضائی ڈیفنس سسٹم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔‘

تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ انڈیا کا اس ضمن میں جواب پاکستان کی ’نوعیت‘ کا اور ’تجاوز‘ نہ کرنے والا ہے۔


دوپہر 2 بج کر 30 منٹ

انڈیا کے پاکستان پر ڈرون حملوں کے بعد آج دو پہر ڈھائی بجے تک کی صورتحال: نیوز روم سے براہ راست

 


دوپہر 2 بج کر 22 منٹ

انڈیا نے خفت مٹانے کے لیے پاکستان میں ڈرون بھیجے: وزیر اطلاعات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جمعرات کو کہا ہے کہ چھ اور سات مئی کو پاکستان میں حملوں کے بعد انڈیا کو جو شرمندگی اٹھانی پڑی، اس کے بعد اس نے اپنی حمکت عملی تبدیل کی ہے۔

قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دشمن جو مکار ہے، بہترین ٹیکنالوجی لے کر آتا ہے، رافیل جیٹ پر انڈیا کو بڑا ناز تھا، لیکن جب اس نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری مسلح افواج کا ردعمل بھرپور تھا، یہ طیارے نہیں بلکہ انڈین قوم کا غرور گرا ہے۔

بقول عطا تارڑ: ’انہوں نے اس خفت کو مٹانے کے لیے اَن مینڈ ڈرون بھیجنے شروع کیے۔ ہیروپ اسرائیلی ڈرون ہے اور یہ ٹیکنالوجی کے حساب سے ڈرون کا رافیل تصور ہوتا ہے۔‘

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’ہم نے 25 ڈرون کس طرح گرائے، کچھ کو ہم نے سافٹ طریقے سے جام کرکے گرایا، کچھ کو ہم نے ہارڈ ہِٹ دے کر اپنے ایئر ڈیفنس سسٹم سے گرایا۔‘

عطا تارڑ نے کہا کہ ’قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج کو پورا اختیار ہے کہ وقت اور مقام وہ خود منتخب کریں، اب یہ معاملہ کیسے جاتا ہے، اس کا فیصلہ مسلح افواج پر چھوڑ دیا گیا ہے اور اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دیکھ رہی ہے کہ پہل انڈیا کرے، حملہ کرے، تحقیقات کی پیشکش کا جواب بھی نہ دے اور مظلوم بھی بنے، اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بقول وزیر اطلاعات: ’جب بھی، جیسے بھی جواب دیا جائے گا، منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ معاملات جلد بازی میں نہیں ہوتے، یہ آپریشنل، سٹریٹیجک تفصیلات پہلے طے ہوتی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے انڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’ردعمل آئے گا، ضرور آئے گا لیکن ہم انتخاب کریں گے کہ کب دینا اور کہاں دینا ہے۔‘


دوپہر 1 بج کر 54 منٹ

ڈرون گرنے سے کسان زخمی، بیٹا جان سے گیا: ایس ایس پی گھوٹکی 

پولیس کے مطابق سندھ میں انڈین سرحد کے قریب ضلع گھوٹکی کے نواحی گاؤں میں ڈرون گرنے سے ایک عمر رسیدہ کسان زخمی اور ان کا نوجوان بیٹا جان سے چلا گیا۔ 

سینیئر سپریڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق ڈرون گرنے کے باعث نوجوان مختیار جان سے چلا گیا اور ان کے والد عیدن زخمی ہوگئے۔ 

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کہا: ’صبح ایک زوردار دھماکے کی اطلاع ملی، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ایسے دھماکوں کے جائے وقوع کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’داد لغاری اور کھینچو تھانوں کے سٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس اسی اوز) اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) میرپور ماتھیلو نے دھماکے کی جگہ کا تعین کرکے کرائم سین کو گھیر لیا۔ 

’یہ دھماکہ کھینچو تھانے کی حدود میں واقع ایک گاؤں کے قریب ہوا، جو انڈین سرحد کے قریب واقع ہے۔‘

ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار پہنچ گئے۔

بقول ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو: ’یہ ایک ڈرون ہے، مگر کہاں سے آیا اور کس مقصد کے لیے یہ ڈرون اس علاقے میں آیا، اس کا تعین متعلقہ ادارے ہی کریں گے۔‘


دوپہر 1 بج کر 40 منٹ

انڈیا سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے: پاکستانی فوج

پاکستانی فوج نے جمعرات کو کہا ہے کہ سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’انڈیا کے چھ اور سات مئی کے بزدلانہ حملہ میں پانچ جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی اموات کے بعد انڈیا بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔‘


دوپہر 1 بج کر 30 منٹ

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی انڈین وزیر خارجہ سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے جمعرات کو انڈیا میں اپنے ہم منصب ڈاکٹر جے شنکر سے ملاقات کی۔ مانا جاتا ہے کہ اس اچانک ملاقات میں انڈیا اور پاکستان میں کشیدگی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔


دوپہر 1 بج کر 6 منٹ

پاکستان اور انڈیا میں امن کے لیے آن لائن پٹیشن

پاکستان اور انڈیا سے تعلق رکھنے والے امن کے لیے سرگرم 60 سے زائد ایکٹوسٹ نے ایک آن لائن پٹیشن میں دونوں ملکوں سے امن قائم اور ذمہ داری کا مظاپرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پٹیشن میں سیاسی مقاصد کے لیے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔


دن 12 بج کر 40 منٹ

کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں دھماکہ: پولیس 

کراچی پولیس کے مطابق جمعرات کو ملیر ٹاؤن کے شرافی گوٹھ کے قریب دھماکا سنا گیا۔

سینیئر سپریڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کراچی ایسٹ عثمان غنی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دھماکے کی اطلاع کے بعد پولیس کی بھاری نفری دھماکے کی جگہ پہنچ گئی۔ 

ایس ایس پی عثمان غنی کے مطابق: ’دھماکے کے مقام پر کچھ دھاتی ٹکڑے ملے ہیں، لیکن تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکہ کس چیز سے ہوا۔ دھاتی ٹکڑوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ڈرون گرنے کے متعلق چلنے والی خبروں کے حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ ’تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ڈرون تھا یا دھماکا کسی اور چیز سے ہوا۔‘

 عثمان غنی کے مطابق دھماکے کے باعث جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ 

ایدھی فاؤنڈیشن کے ایمرجنسی آپریشنز کے انچارج محمد سلمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر بہت زیادہ لوگ جمع ہوگئے۔ 

بقول محمد سلمان: ’ایدھی رضاکاروں نے جائے وقوعہ پر کچھ دھاتی ٹکڑے دیکھے مگر یہ حکومتی ادارے ہی بتا سکتے ہیں کہ دھماکہ کس چیز سے ہوا۔‘

اس واقعے کی ابتدائی اطلاع سب سے پہلے سندھ میں ریسکیو 1122 چلانے والے ادارے سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (ایس آئی ای ایس ایچ) کی جانب سے اپنے آفیشل واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی گئی۔ 

اس میں کہا گیا کہ ’ملیر کے علاقے شرافی گوٹھ میں ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم، ایک ایمبولینس اور ایک فائر بریگیڈ ٹرک اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔‘

مگر اس کے کچھ دیر بعد خبر کو گروپ سے ڈیلیٹ کردیا گیا۔ 

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ریسکیو کے ایک ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’ابتدائی اطلاع موصول ہونے پر ہم نے اس کی خبر ابلاغ گروپ میں دی، مگر بعد میں ہمیں سختی سے کہا گیا کہ نہ صرف اس خبر کو گروپ سے ڈیلیٹ کریں، بلکہ اس پر میڈیا سے کوئی بات نہ کریں۔‘


صبح 11 بج کر 52 منٹ

گذشتہ رات انڈیا کے بھیجے گئے 12 ڈرونز ناکارہ بنا دیے: پاکستانی فوج

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل احمد شریف نے جمعرات کو بتایا ہے کہ انڈیا نے بدھ اور جمعرات کی شب (سات اور آٹھ مئی کو) ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کی اور پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈرون بھیجے، جن میں سے 12 کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انڈیا نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون بھیجے لیکن پاکستان کی مسلح افواج الرٹ ہیں اور انہوں نے 12 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ انڈیا نے گذشتہ روز لاہور، گجرنوالہ، چکوال، راولپنڈی، بہاولپور، اٹک، میانو (سندھ) اور کراچی میں ڈرون بھیجے۔

لیفٹینٹ جنرل احمد شریف کے مطابق: ’ایک ڈرون لاہور میں ملٹری تنصیب کی طرف پہنچا، جس سے چار جوان زخمی ہوئے جبکہ میانو (سندھ) میں ایک سویلین کی شہادت ہوئی۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گرائے گئے ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔


صبح 11 بج کر 30 منٹ

لاہور کے علاقے والٹن میں دو ڈرونز گرا دیے گئے: پنجاب پولیس


صبح 11 بج کر 10 منٹ 

سکیورٹی کے باعث فضائی آپریشن متاثر، مسافروں سے تعاون کی اپیل: ترجمان پی آئی اے

پاکستان کی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے اور فضائی حفاظت کے پیش نظر کچھ روٹس کو حفظِ ماتقدم کے طور پر محدود کیا گیا ہے جس کے باعث اس سیکٹر کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق روٹس کی عارضی بندش کا مقصد ملکی ایئرلائنز کے اثاثوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھیں اور ایئرلائن عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ مسافروں کو پی آئی اے کال سینٹر سے ان کے فراہم کردہ فون نمبرز پر مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ڈائیورٹ کی گئی پروازوں کے مسافروں کے لیے پی آئی اے کی جانب سے قیام و طعام سمیت مکمل دیکھ بھال کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

پی آئی اے نے تمام مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آمد سے قبل پی آئی اے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے رابطہ کریں اور اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات حاصل کریں۔


صبح 11 بجے  

انڈیا دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تنازعے کو جنگ میں تبدیل کرنا چاہتا ہے: خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ تنازع جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

امریکی ٹیلیویژن چینل سی این این سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جنگ کی صورت حال سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ گذشتہ رات انڈیا نے دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سرحد کو عبور کیا، جو تنازع کو بڑھانے کے مترادف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم پوری جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔‘

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے انڈیا کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کہتا ہے کہ اس نے پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔۔۔‘ تو اسی دوران سی این این کی اینکر نے بات کاٹتے ہوئے سوال کیا کہ سر آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ دہشت گردوں کے ان تربیتی کپمپس یا ٹھکانوں سے لاعلم ہیں۔

خواجہ آصف نے انھیں جواب دیا کہ یہ ان کا محض خیال ہے کہ ایسا ہے اور جو کچھ انھوں نے کیا اب وہ اس کی وضاحت میں ایسا کہہ رہے ہیں جس کا انھیں جواب دینا ہو گا۔

اینکر نے پھر سوال کیا کہ ’تو پاکستان کہتا ہے کہ اس نے انڈیا کے پانچ لڑاکا طیارے یا ڈرون گرائے جبکہ انڈیا نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں۔۔۔ تو آپ کیا کچھ اور تفصیل دے سکیں گے اور آپ کے فوجی ترجمان نے بھی کہا ہے کہ اس پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔‘

اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب کچھ سوشل میڈیا پر ہے اور ہمارے نہیں بلکہ انڈین میڈیا اور انڈین سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے۔

اینکر نے ان کے سوال پر کہا کہ وہ سوشل میڈیا نہیں بلکہ ان ثبوت اور شواہد پر بات کرنا چاہتی ہیں۔

سوال کو آگے بڑھاتے ہوئے اینکر نے پوچھا کہ مثال کے طور پر کیا پاکستان نے رفال جیٹ کو گرانے کے لیے چین کی ٹیکنالوجی استعمال کی؟

جس کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ’جاپان نہیں۔۔ ہمارے پاس چین کی ٹیکنالوجی ہے جیسے جے ایف 17 تھنڈر، یہ چینی ہیں اور ان کو ہم پاکستان میں مینوفیکچر اور تیار کرتے ہیں۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ ’تو جیسے انڈیا فرانس سے جہاز خرید کر استعمال کرتا ہے تو ہم چین، روس، امریکہ اور برطانیہ سے طیارے خرید کر انھیں استعمال کرتے ہیں اور ایک بات مجھے کہنے دیں کہ وہ (انڈیا) اس کا اقرار کر چکے ہیں کہ ان کے تین طیارے تباہ ہوئے ہیں۔‘

اینکر نے پھر طیاروں کو گرانے سے متعلق سوال دہرایا تو پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ انڈین طیاروں اور میزائل کو پاکستان کے طیاروں نے ہی گرایا۔


صبح 10 بج کر 37 منٹ

وزیراعظم کی ترک صدر سے گفتگو، پاکستان سے یکجہتی اور حمایت پر شکریہ

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان سے یکجہتی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے گھناؤنے میزائل حملوں کے شہیدوں کے لیے ہم اپنے ترک بھائیوں کی دعاؤں کی قدر کرتے ہیں۔

بقول وزیراعظم انہوں نے ترک صدر کو ’ہماری مسلح افواج کی بہادرانہ کاوشوں سے آگاہ کیا، جنہوں نے اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ برتری سے دشمن کو پسپا کر دیا۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور قیام امن کے لیے ترکی کی کوششوں کا شکر گزار ہے۔‘


صبح 10 بج کر 10 منٹ

پاکستان نے لاہور میں نیول بیس کے قریب بھارتی ڈرون مار گرایا: حکام کی تصدیق

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی اور پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح لاہور میں بحریہ کے فضائی اڈے کے قریب پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے ایک انڈٰین ڈرون مار گرایا ہے۔

پولیس افسر محمد رضوان نے بتایا کہ یہ ڈرون لاہور کے رہائشی علاقے والٹن کے قریب مار گرایا گیا، جو عسکری تنصیبات کا حامل علاقہ بھی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈرون مسلح تھا یا نہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی دو بھارتی ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔


صبح 8 بج کر 40 منٹ

لائن آف کنٹرول پر رات بھر پاکستان سے فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا: انڈیا کا دعویٰ

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور انڈین افواج کے درمیان چھوٹے ہتھیاروں اور توپوں سے شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔


صبح 8 بج کر 20 منٹ

کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

لاہور اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈے آج دوپہر 12 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔

اتھارٹی نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔


صبح 8 بجے

لاہور میں دھماکے کی آواز

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لاہور میں جمعرات کی صبح ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔

روئٹرز نے یہ خبر جیو نیوز اور روئٹرز کے عینی شاہد کے حوالے سے دی۔ 

تاحال دھماکے کی نوعیت، مقام یا کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی، اور حکام کی جانب سے باضابطہ بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔


صبح سات بج کر 40 منٹ

انڈین سٹاک مارکیٹس کا پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران محتاط آغاز متوقع

روئٹرز کے مطابق پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث جمعرات کے روز انڈین اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا یا محتاط آغاز متوقع ہے، مارکیٹ میں کسی بڑے اتار چڑھاؤ کا امکان کم ہے۔

یہ کشیدگی اُس وقت بڑھی جب گذشتہ ماہ انڈین کشمیر میں 26 ہندو سیاحوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا نے فضائی حملے کیے، جس پر پاکستان نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ انڈیا نے نئی دہلی میں غیر ملکی سفیروں کو خبردار کیا ہے کہ ’اگر پاکستان نے جواب دیا تو انڈیا بھی بھرپور ردعمل دے گا‘، جس سے خطے میں وسیع تر جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

تاہم، اس کشیدہ ماحول کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پندرہویں مسلسل دن انڈین حصص خریدے، اور اس دوران 450.55 ارب روپے (5.3 ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی — جو پچھلے دو برسوں میں طویل ترین خریداری کا سلسلہ ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قلیل مدتی اتار چڑھاؤ ممکن ہے، مگر انڈیا کی مارکیٹ فی الحال واضح استحکام پر ہے۔ حکومتی ترجیحات سے ہم آہنگ شعبے، خاص طور پر دفاع اور قومی سلامتی، آئندہ مہینوں میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہو سکتے ہیں۔


صبح 7 بجے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیروں (این ایس ایز) کے درمیان بدھ کو رابطہ ہوا ہے۔

ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے خلاف حالیہ بھارتی فضائی حملے ایک سنگین جارحیت ہے۔ انڈیا نے پاکستان کے خلاف جنگی قدم اٹھایا ہے۔

اسحاق ڈار نے بیک چینل ڈپلومیسی سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سکیورٹی حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ 

’ہاں، دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔‘


رات دو بج کر 21 منٹ

انڈیا کا شہر امرتسر مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق انڈیا کا شہر امرتسر بدھ کو ایک بار پھر اندھیرے میں ڈوب گیا کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے ملک گیر شہری دفاعی مشق کے تحت دوسرا بلیک آؤٹ کیا ہے۔

ضلعی پبلک ریلیشنز افسر نے شہریوں کو کہا کہ وہ گھروں میں رہیں اور گھبرائیں نہیں۔


رات دو بج کر 05 منٹ

انڈین جارحیت کے باعث کشیدگی میں کمی نظر نہیں آ رہی: پاکستانی وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے الجزیرہ ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ انڈیا نے بغیر کسی جواز کے عام شہریوں پر حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے اپنے دفاع میں پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔ 
 
انہوں نے کہا کہ انڈیا نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کی جس کے بعد پاکستان فوج کو وقت اور جگہ کا تعین خود کرنے کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔
 
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن جب بات ملکی دفاع اور وقار کی ہو تو ہم جارح کو موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
 
انڈین حملے کے جواز کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ انڈیا نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انڈیا نے خود اپنی ناکامی کو چھپانے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ حربہ اپنایا۔ 
 
انہوں نے کہا انڈیا پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے ذریعے پانی سے محروم نہیں کر سکتا۔ 
 
’اگر انڈیا نے پانی بند کرنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ اعلان جنگ تصور ہوگا اور پاکستان سخت جواب دے گا۔‘
 
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں اور موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ 
 
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن موجودہ حالات میں انڈین جارحیت کے باعث کشیدگی میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ 
 
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کو کسی بھی ملک یا فریق سے اس حملے پر حمایت نہیں ملی اور بین الاقوامی برادری نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 
وزیر اطلاعات نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ انڈیا کو پیچھے ہٹنا ہوگا، ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے۔ 
 

’پاکستان اپنے تمام دفاعی آپشنز محفوظ رکھتا ہے اور اپنے عوام اور سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔‘ اے پی پی 


رات ایک بج کر 15 منٹ

قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہو گا

قومی اسمبلی کا اجلاس آج (جمعرات کی صبح) 11 بجے دوبارہ ہو گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، پی ٹی آئی کے بیرسٹ گوہر علی سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندوں نے انڈین حملے کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی مزید کارروائی آج صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔


رات 11 بج کر 15 منٹ

ٹرمپ کی پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی کم کرنے میں مدد کی پیشکش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے پر حملے بند کریں۔ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد کی پیشکش بھی کی۔

انہوں نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں چاہتا ہوں کہ یہ رُک جائے، اور اگر میں کچھ مدد کر سکتا ہوں تو میں موجود ہوں۔‘


رات 11 بج کر 00 منٹ

ترک صدر کا پاکستانی وزیر اعظم کو فون، انڈین حملے پر اظہار یکجہتی

ترک صدارت نے بتایا کہ صدر طیب اردوغان نے بدھ کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر انڈیا کے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر پر میزائل حملے کے بعد اظہار یکجہتی کیا ہے۔

ان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کال کے دوران اردوغان نے شہباز شریف سے کہا کہ ترکی اس بحران میں پاکستان کی ’پُرامن اور ضبط و تحمل کی پالیسیوں‘ کی حمایت کرتا ہے۔

اردوغان نے یہ بھی کہا کہ وہ اسلام آباد کی جانب سے پہلگام حملے کی تحقیقات کے مطالبے کو ’مناسب‘ سمجھتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’اردوغان نے کہا کہ ترکی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے جو کچھ کر سکتا ہے وہ کرے گا، اور اس حوالے سے ان کے سفارتی رابطے جاری رہیں گے۔‘

ترکی اس سے قبل انڈین حملے کی مذمت کر چکا ہے اور دونوں ممالک سے معاملے کو عقل مندی سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

ترک وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ انڈیا کی تازہ ترین فوجی کارروائی سے ’مکمل جنگ‘ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ روئٹرز


رات 10 بج کر 55 منٹ

حکومت، افواج پاکستان انڈیا کو جواب دینے پر جو فیصلہ کریں ہم ساتھ ہیں: بلاول بھٹو کا انڈپینڈنٹ اردو کو خصوصی انٹرویو


رات 10 بج کر 25 منٹ

انڈین حملے کے وقت 57 پروازیں ہوا میں تھیں: پاکستان فوج

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کو کہا کہ انڈیا کی بزدلانہ کارروائی کے وقت 57 کمرشل پروازیں ہوا میں تھیں، جن میں متعدد غیر ملکی مسافر سوار تھے، اور ان کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈالا گیا۔

آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاکستان فوج کا کہنا تھا کہ انڈین حملے میں ’اب تک 31 معصوم شہری شہید اور 57 زخمی‘ ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے رات کے اندھیرے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، مسجدیں اور قرآن شہید کیے۔ ’اگر یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے بزدل دشمن کی طرح سویلینز کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا: ’بچوں کو نشانہ بنانا کہاں کی بہادری ہے؟ انڈیا کے اس بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایئرفورس نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے تین رافیل سمیت پانچ جنگی طیارے تباہ کر دیے۔ ’دشمن کو لائن آف کنٹرول پر ایسا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے کہ وہ سفید پرچم لہرا کر پناہ مانگنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔


رات 10 بج کر 15 منٹ

پاکستان نے انڈیا کا رافیل طیارہ مار گرایا: فرانسیسی انٹیلی جنس عہدے دار 

فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے بدھ کو امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو تصدیق کی کہ انڈین ایئر فورس کا ایک رافیل جنگی طیارہ پاکستان نے مار گرایا ہے۔ 

اگر اس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی لڑائی میں جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ تباہ ہوا ہو۔

پاکستان نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے انڈین ایئر فورس کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے ہیں، جن میں تین رافیل طیارے شامل ہیں۔ 

انڈین حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی ردِعمل نہیں دیا۔ فرانسیسی عہدے دار نے سی این این کو بتایا کہ فرانسیسی حکام اس امکان کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ کہیں ایک سے زیادہ رافیل طیارے پاکستان کے ہاتھوں تباہ تو نہیں ہوئے۔

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں تباہ ہونے والے ایک طیارے کے ملبے کی تصاویر میں ایک فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کا لیبل دکھائی دیتا ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف اس بنیاد پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ حصہ رافیل طیارے کا ہے۔

رافیل طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈاسو ایوی ایشن نے سی این این کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔


مریدکے میں ایک ہسپتال پر انڈین حملے کے بعد کے مناظر


رات نو بج کر 54 منٹ

ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک لے کر جائیں گے: پاکستانی وزیر اعظم

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کی رات سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم (انڈیا کے خلاف) جنگ کو منطقی انجام تک لے جا کر دم لیں گے۔

انہوں نے کہا ’گذشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے۔ ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا۔‘

’انڈیا کے پانچ طیارے راکھ بن چکے ہیں اور یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔

’انڈیا کے حملے میں ہمارے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔‘

’ایل او سی پر جاری رہنے والی ایک گھنٹے کی جنگ میں پاکستان فضائیہ نے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقعے پر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک تنازع تھا اور اس وقت تک تنازع رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ ماحول میں حقِ رائے دہی نہیں مل جاتا۔ انڈیا جو چاہے کر لے، لیکن حقیقت نہیں بدلے گی۔


انڈیا کے حملوں کے بعد لاہور میں سیاسی جماعتوں کی ریلی


کل رات آٹھ بج کر 48 منٹ

انڈیا کے شمالی اور مغربی ریاستوں کے ہوائی اڈوں کی بندش میں توسیع

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث انڈیا کے شمالی اور مغربی خطوں کے 20 ہوائی اڈوں پر سول پروازیں ہفتے یعنی 10 مئی تک معطل کر دی گئی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ ہوائی اڈوں میں لہہ، سری نگر، جموں، امرتسر، پٹھان کوٹ، چندی گڑھ، جودھپور، جیسلمیر، جام نگر، بھٹنڈہ، بھُج، دھرم شالہ، شملہ، راج کوٹ، کشن گڑھ، گوالیار اور دیگر ایئر پورٹس شامل ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق امریکہ سے انڈیا، خاص طور پر دہلی کے لیے جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 

منسوخ ہونے والی پروازوں میں آمد و روانگی دونوں شامل ہیں جس سے بین الاقوامی فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔

کئی بین الاقوامی ایئرلائنز نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کرتے ہوئے اپنی پروازیں یا تو منسوخ کر دی ہیں یا طویل راستوں پر منتقل کر دی ہیں جس کے باعث پروازوں کے دورانیے میں اضافہ اور بعض اوقات تاخیر یا منسوخی کا سامنا ہے۔



مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کل شام چھ بج کر 25 منٹ

اگر انڈیا دراندازی نہ کرے تو ہماری طرف سے کوئی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں ہوگی: رانا ثنا

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے بدھ کو کہا ہے کہ ’جو بیانیہ حکومت اور آرمی چیف کا تھا کہ ہم کچھ نہیں کریں گے لیکن اگر انہوں (انڈیا) نے کوئی حرکت کی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے تو وہ منہ توڑ جواب دیا جا چکا ہے۔۔۔اگر وہ مزید کریں گے تو پھر اس سے بھی زیادہ منہ توڑ جواب دیں گے۔‘

ایک صحافی کے اس سوال پر کہ اگر انڈیا کچھ نہیں کرے گا تو ہم کچھ نہیں کریں گے؟ رانا ثنا نے جواب دیا کہ ’اگر وہ نہیں کریں گے تو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر حکومت اور آرمی چیف کا یہ عہد ہے۔ ہم نے دنیا سے کہا ہے کہ اگر وہ کارروائی نہ کریں یا وہ ایکشن نہ لیں یا وہ در اندازی نہ کریں تو ہماری طرف سے کوئی ایسی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں ہوگی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا