ڈوپنگ اصولوں کے خلاف ’انوکھے‘ کھیلوں کا انعقاد مئی 2026 میں

 خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ان کھیلوں میں وہ کھلاڑی حصہ لیں گے جو ایسی ادویات استعمال کرتے ہیں، جو باضابطہ مقابلوں میں ممنوع ہیں۔

23 جون 2024 کی اس تصویر میں گولڈ میڈلسٹ یونان کے کرسٹیان گکولومیف مردوں کے 50 میٹر فری سٹائل فائنل جیتنے کے بعد پوڈیم پر اپنے تمغے کے ساتھ پوز دیتے ہوئے (روئٹرز) 

کھیلوں کے پروگرام ’افزودہ کھیل‘ (Enhanced Games) نے لاس ویگس میں مئی 2026 میں اپنے پہلے ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے، جس میں تیراکی، دوڑ اور ویٹ لفٹنگ شامل ہوں گے۔

 خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ان کھیلوں میں وہ کھلاڑی حصہ لیں گے، جو ایسی ادویات استعمال کرتے ہیں جو باضابطہ مقابلوں میں ممنوع ہیں۔

اس انعقاد پر انسدادِ ڈوپنگ ادارے برہم ہیں۔

پروگرام کے بانی آرون ڈی سوزا نے بدھ کو کو لاس ویگس میں آغاز کے موقعے پر کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اس انوکھے مقابلے میں قسمت آزمائیں، جن کے بارے میں ان کا ماننا ہے کہ یہ کھیلوں کی سائنس میں انقلاب لا سکتا ہے، حالانکہ ناقدین اسے ایک ’تماشہ‘ قرار دے رہے ہیں۔

منتظمین نے اسے اپنی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے یونانی تیراک کریستیان گکولومیف کا ذکر کیا، جو چار اولمپکس میں کبھی بھی میڈل نہ جیت سکے، لیکن ’افزودہ کھیل‘ پروگرام کے تحت اپنے کھیل کی ایک عظیم کامیابی کو عبور کر چکے ہیں۔

گکولومیف نے 50 میٹر فری سٹائل کا وہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا، جو گذشتہ 15 سال سے قائم تھا۔ انہوں نے فروری میں یہ فاصلہ ایک ایسے فل باڈی سوٹ میں تیراکی کرتے ہوئے 20.89 سیکنڈ میں طے کیا، جو بین الاقوامی گورننگ باڈی کے مقرر کردہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔

پیرس گیمز میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے گکولومیف نے لاس ویگاس کی تقریب سے قبل کہا: ’میں خود کو کار کے ڈرائیور جیسا سمجھتا ہوں، لیکن مجھے اپنے پیچھے ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

افزودہ کھیل کے منتظمین نے 31 سالہ گکولومیف کو اس بات کی مثال کے طور پر پیش کیا ہے کہ ان کے پروگرام کے تحت کیا کچھ ممکن ہو سکتا ہے، تاہم طبی رازداری کا حوالہ دیتے ہوئے یہ ظاہر کرنے سے انکار کر دیا کہ انہوں نے کون سی ’کارکردگی بڑھانے والی‘ چیزیں استعمال کیں۔

ڈی سوزا نے کہا: ’ انہیں ریٹائر ہو جانا چاہیے تھا، لیکن درحقیقت وہ کسی بھی انسان سے تیز تیراکی کر رہے ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی اور سائنس کو استعمال کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ایک بار جب دنیا کو اس کا احساس ہو جائے، تو ہر درمیانی عمر کا شخص جو کبھی مقابلہ جاتی کھیل کھیل چکا ہو اور اب کمر درد میں مبتلا ہو، کہے گا: ’وہ کیا استعمال کر رہا ہے اور مجھے وہ کیسے مل سکتا ہے؟‘

افزودہ کھیلوں کا اصول ہے کہ بڑے مقابلوں میں ممنوعہ ادویات پر پابندی لگانا کھلاڑیوں کی حفاظت نہیں بلکہ ان کی کارکردگی کو محدود کرتا ہے۔

آسٹریلوی کاروباری ڈی سوزا نے روئٹرز کو بتایا: ’ہمارا منصوبہ بہت حد تک فارمولا ون جیسا ہے کیونکہ فارمولا ون کاروں کو تیز چلانے کے لیے کی جانے والی تحقیق بالآخر عام سڑکوں تک منتقل ہو جاتی ہے۔

’اسی طرح، جو سائنس اور طب کھلاڑیوں کو عمر رسیدہ ہونے کے باوجود عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قابل بناتی ہے، وہ تمام انسانوں کو زیادہ صحت مند اور باوقار بڑھاپے تک پہنچنے میں مدد دے گی۔‘

’رومن سرکس‘

شرکا فی مقابلہ کل 50 لاکھ ڈالر تک انعامی رقم جیت سکتے ہیں، جبکہ عالمی ریکارڈ توڑنے پر اضافی بونس بھی ہو گا۔

تیراکی میں 50 میٹر اور 100میٹر فری سٹائل، 50 میٹر اور 100میٹر بٹر فلائی شامل ہوں گے۔ دوڑ میں میں 100میٹر دوڑ، 110میٹر اور 100میٹر ہرڈلز ہوں گے، جبکہ ویٹ لفٹنگ میں سنیچ اور کلین اینڈ جرک مقابلے ہوں گے۔

ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اس منصوبے کی سخت مخالفت کی اور خبردار کیا ہے کہ کھلاڑی نہ صرف پابندی بلکہ صحت کے خطرات مول لے رہے ہیں۔

بین الاقوامی فیڈریشن آف سپورٹس میڈیسن نے بھی خبردار کیا کہ یہ منصوبہ نوجوان کھلاڑیوں کے استحصال کا سبب بن سکتا ہے۔

ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سائنس ڈائریکٹر اولیور رابن نے کہا: ’یہ سوچنا کہ صرف موقعے پر طبی معائنہ کر لینے سے آپ کو ڈوپنگ کے مادّوں کے غلط استعمال سے لاحق صحت کے خطرات کا درست اندازہ ہو جائے گا — یہ طبی اور سائنسی لحاظ سے سراسر بے معنی بات ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’یہ بالکل رومن سرکس کی طرح ہے، جہاں لوگوں کی جانیں محض تفریح کی خاطر قربان کی جاتی تھیں۔ اس سب کی قیمت کیا ہے؟ میرے خیال میں کوئی بھی ذمے دار معاشرہ اس سمت میں نہیں جانا چاہیے۔‘

ڈی سوزا کا مؤقف ہے کہ پیشہ ورانہ اور غیر پیشہ ورانہ کھیلوں میں ڈوپنگ عام ہے، حالانکہ ممنوعہ ادویات کے استعمال کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ اس کے باوجود یہ عمل خفیہ طور پر اور غیر محفوظ طریقے سے جاری رہتا ہے۔

انہوں نے کہا: ’افزودہ کھیلوں میں ہم اس رجحان کو الٹ رہے ہیں، ہم ایک منصفانہ، مساوی اور شفاف میدان فراہم کر رہے ہیں تاکہ جدت کو عوامی سطح پر ظاہر کیا جا سکے اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈی سوزا نے گذشتہ سال اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پے پال کے شریک بانی پیٹر تھیل، ٹیکنالوجی کے سرمایہ کار کرسچین اینگرمائر اور کوائن بیس کے سابق چیف ٹیکنالوجی آفیسر بلالجی سرینیواسن جیسے بڑے سرمایہ کاروں کی حمایت حاصل کر لی ہے۔

اسی سال انہوں نے آسٹریلوی عالمی چیمپیئن تیراک جیمز میگنیسن سے پہلا ان ہانسڈ ایتھلیٹ معاہدہ کیا، جنہوں نے ممنوعہ کارکردگی بڑھانے والی ادویات استعمال کر کے سیزر سییلو کا 50 میٹر فری سٹائل ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی۔

یوکرین کے 50 میٹر بٹر فلائی کے عالمی ریکارڈ ہولڈر آندری گووروف اور بلغاریہ کے 21 سالہ تیراک یوسیف ملیڈینوف نے پچھلے ماہ افزودہ کھیلوں کے پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔

2019 میں مقابلوں سے ریٹائرمنٹ لینے والے میگنیسن نے صحافیوں کو بتایا کہ افزودہ کھیلوں کے ساتھ تربیت نے کھیل کے لیے ان کا جذبہ دوبارہ زندہ کر دیا ہے اور ساتھی کھلاڑیوں کی طرف سے اس پر ردعمل ’انتہائی مثبت‘ رہا ہے۔

انہوں نے کہا: ’میں ہر دن تربیت اور مقابلے کے لیے جوش و خروش کے ساتھ جاگتا تھا۔ میں خود کو بہت صحت مند اور پُرجوش محسوس کرتا تھا۔ سچ کہوں تو پچھلے سات سالوں میں میں سب سے زیادہ خوش ہوا تھا۔

’ہم کھلاڑیوں کا خطرہ مول لینے کا جذبہ عام لوگوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے اور ہم افزودہ کھیلوں جیسے ایونٹ کو ایک موقعے کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘

2026 کے اافزودہ کھیلوں کا مقابلہ لاس ویگاس میں 21 سے 24 مئی تک منعقد ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل