پانی ہماری ریڈ لائن، انڈیا کو اسے ہتھیار بنانے نہیں دیں گے: شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف 31 مئی، 2025 کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کر رہے ہیں (آئی ایس پی آر)

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کو کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کو پانی بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق، وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے سے ملکی معیشت کو استحکام ملا۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔

انہوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ تک آ گئی ہے جبکہ جدت کو اپناتے ہوئے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کا اجرا کر رہے ہیں۔

اس موقعے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں انڈیا کے اقدامات کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ’انڈیا نے جارحیت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور جواب میں پاکستان ائیرفورس نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے سات ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنایا۔

’ہماری مسلح افواج نے بہترین خدمات سرانجام دیں اور اس ادارے نے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی بجائے انڈیا کی جانب سے الزام تراشی شروع کی گئی اور پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی۔

وزیراعظم کے مطابق انڈیا نے ایک بار پھر پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی۔ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ہم ہر قسم کی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث نہ صرف تاریخی کامیابی ملی بلکہ پاکستان نے انڈیا کو زمین اور فضا سے بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو نشانہ بنایا۔

’یئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر نے بھی پروفیشنلزم کی ایک عمدہ مثال قائم کی۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا۔ خطے میں امن و امان اور خوشحالی کے لیے سیز فائر کیا۔

’پاکستان نے نہ صرف انڈیا کو جنگ میں شکست دی بلکہ سفارتی سطح پر بھی انڈیا کو منہ کی کھانی پڑی۔ انڈیا نے آئندہ کوئی مہم جوئی ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی محافظ ہیں بلکہ حالیہ کشیدگی کے بعد ہماری افواج اور قوم کا مورال مزید بلند ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے لیکن انڈیا کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے، پانی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں۔

دیگر چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے 16 ماہ کی مدت کے لیے وزارتِ عظمیٰ کی کرسی سنبھالی تو حالات مشکل تھے لیکن ناممکن نہیں۔‘ 

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر محاذ پر عظیم کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ مارچ 2024 میں اصلاحات کا آغاز کیا، گذشتہ سال کے مقابلے میں موجودہ محصولات 28 فیصد زیادہ ہیں جو بڑی کامیابی ہے۔

’کراچی بندرگاہ پر فیس لیس اسسمنٹ سسٹم رائج کیا گیا ہے۔ معاشی بہتری سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی ہے بلکہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ تک آگئی ہے اور پاکستانی روپیہ مستحکم ہوا ہے۔‘

وزیر اعظم کے مطابق وفاقی حکومت کی توجہ معیشت، اصلاحات اور انسداد دہشت گردی پر مرکوز ہے۔

’سعودی عرب پاکستان کا بہترین دوست ہے، خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں۔ چین کے ساتھ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ترکی، قطر اور دیگر دوست ممالک نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان