ایران اور اسرائیل میں جلد امن قائم ہو گا: امریکی صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’ایران اور اسرائیل کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے، اور وہ کریں گے۔ ہم جلد ہی امن حاصل کریں گے۔‘

اسرائیل کی جانب سے 13 جون کو ایران کی متعدد فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی کے علاوہ کئی جوہری سائنس دانوں کی موت  کے بعد تہران کے جوابی حملے جاری ہیں۔

ایران نے اسرائیلی حملوں کا ’سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اسی سلسلے میں اس نے ’آپریشن وعدہ صادق سوم‘ کے نام سے کی گئی بھرپور جوابی کارروائی میں اسرائیل پر مختلف وقفوں سے سینکڑوں میزائل داغے ہیں۔

ایران اور اسرائیلی جنگ کی اپ ڈیٹس یہاں دیکھیے:


ایران اور اسرائیل میں جلد امن قائم ہو گا: امریکی صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ’جلد‘ امن قائم ہو جائے گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ متعدد غیر واضح ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور دونوں ممالک کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے۔

اتوار کی صبح ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر تازہ حملے کیے، جن میں درجنوں افراد مارے گئے۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا: ’ایران اور اسرائیل کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے، اور وہ کریں گے۔ ہم جلد ہی امن حاصل کریں گے۔‘ روئٹرز


ایران کے اسرائیل پر نئے حملے

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ایران نے اتوار کو اسرائیل پر نئے حملے شروع کیے ہیں۔
 
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے بھی اسرائیل کی جانب داغے گئے ’میزائلوں کی ایک نئی لہر‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ایران کو اسرائیلی شہریوں کو مارنے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی: نتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے دھمکی کی ہے کہ ایران کو اسرائیلی شہریوں کو مارنے کی ’بہت بھاری قیمت‘ چکانا پڑے گی۔

نتن یاہو نے اتوار کو تل ابیب کے قریب بیت یام پر ایرانی میزائل حملے سے متاثرہ رہائشی عمارت کے دورے کے موقعے پر کہا ’ایران کو شہریوں، خواتین اور بچوں کے سوچے سمجھے قتل کی بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔‘

ہفتے کی رات اور اتوار کی صبح ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں 13 اسرائیلی جان سے گئے جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ 
 
ایرانی میزائلوں میں سے بعض اسرائیلی فضائی دفاعی نظام سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے جنہوں نے بیت یام، تل ابیب اور ملک کے شمالی علاقوں سمیت کئی مقامات پر تباہی پھیلائی۔
 
اسرائیلی فوجی سنسر شپ نے صحافیوں کو ملک کے اندر میزائل حملوں کی ویڈیوز یا درست مقامات شیئر کرنے سے روک دیا ہے۔
 
ایران پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے نتن یاہو کہا ’اسرائیل کے لیے اس کارروائی کو انجام دینا ضروری تھا۔‘
 
اسرائیلی کارروائی کو ’رائزنگ لائن‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اب تک 250 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
 
نتن یاہو نے مزید کہا: ’ہم اپنے تمام مقاصد حاصل کریں گے اور اس دوہری وجودی خطرے کو ختم کریں گے۔‘

تہران میں تازہ دھماکوں کی آوازیں

اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اتوار کو تازہ دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایران پر اسرائیلی حملے تیسرے روز بھی جاری رہے۔ایرانی خبر رساں اداروں ’خبر آن لائن‘ اور ’ہم میہن‘ نے اطلاع دی کہ تہران کے مغربی اور شمال مغربی حصوں میں فضائی دفاعی نظام کو ’نئے حملوں کو روکنے کے لیے‘ متحرک کیا گیا، جبکہ روزنامہ ’شرق‘ نے شہر کے مشرقی حصے سے دھوئیں کے بادلوں کی ویڈیو شیئر کی ہے۔


ایران اسرائیل سے تنازع پڑوسی ممالک تک پھیلانا نہیں چاہتا: عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ اس کا تنازع پڑوسی ممالک تک پھیلانا نہیں چاہتا، جب تک ’حالات مجبور‘ نہ کر دیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ  نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کا ردعمل اپنے دفاع پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تہران غیرملکی جارحیت کا جواب دے رہا ہے اور اگر یہ جارحیت بند ہو جائے تو ایرانی ردعمل بھی ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جنوبی پارس کے گیس فیلڈ پر حملے، جس میں ایران اور قطر کی شراکت ہے، ’کھلی جارحیت اور انتہائی خطرناک اقدام ہیں۔‘

عباس عراقچی نے کہا: ’تنازعے کو خلیج فارس تک لے جانا سٹریٹیجک غلطی ہے، جس کا مقصد جنگ کو ایرانی سرزمین سے آگے پھیلانا ہے۔‘


ایرانی حملے میں مرنے والے اسرائیلیوں کی تعداد 10 ہو گئی

اسرائیلی پولیس نے اتوار کو کہا ہے کہ اس نے مرکزی اسرائیل میں ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے دو مزید لاشیں نکالی ہیں، جس کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بات یام میں ایرانی میزائل حملے کے مقام پر موجود پولیس کمانڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’چھ افراد مارے گئے ہیں اور 180 زخمی ہوئے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا ہے کہ کم از کم سات مزید افراد لاپتہ ہیں جو ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق اس کے علاوہ شمالی اسرائیلی میں بھی چار افراد کی موت ہوئی ہے۔


امریکی صدر کی ایران کو دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا ہے کہ اگر ’ایران کی طرف سے کسی بھی شکل اور صورت میں ہم پر حملہ ہوا تو امریکہ کی مسلح افواج کی پوری طاقت اور قوت ایسی سطح پر آپ پر حملہ آور ہوں گی جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈٰیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’امریکہ کا آج رات ایران پر ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’تاہم، ہم ایران اور اسرائیل کے درمیان آسانی سے معاہدہ  اور اس خونی تنازعے کا خاتمہ کرا سکتے ہیں۔‘


اسرائیل پر تازہ ایرانی حملے کے مناظر

 


ایرانی حملوں میں اسرائیلی اموات

اسرائیل میں ایمرجنسی اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے رات بھر ہونے والے حملوں میں آٹھ اسرائیلی مارے گئے جبکہ 130 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو پناہ لینا پڑی ہے۔

اسرائیلی پولیس نے بھی ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ تل ابیب کے قریب ایرانی حملے میں متعدد افراد مارے گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔


ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر تازہ حملے

ایران اور اسرائیل نے اتوار کی صبح ایک دوسرے پر تازہ حملوں کا دعویٰ کیا ہے جس میں دونوں کے مطابق ’عسکری اور توانائی‘ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے مقامی وقت کے مطابق صبح تین بج کر 10 منٹ پر خبر نشر کی کہ ’آپریشن وعدہ صادق سوم کی نئی لہر چند منٹ قبل شروع ہوئی۔‘

یہ رپورٹ نشر کرتے ہوئے ٹیلی ویژن نے اسرائیل کی لائیو تصاویر بھی دکھائیں۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے اتوار کی صبح ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے تازہ حملوں میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے ایندھن بھرنے کے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔

پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا ہے کہ ’(اسرائیلی) جنگی طیاروں کے لیے ایندھن تیار کرنے والے کارخانوں اور (اسرائیلی) حکومت کے توانائی کے مراکز کو بے شمار ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

’اگر ایران کے خلاف حملے اور جارحیت جاری رہی تو ایرانی مسلح افواج کے حملے مزید شدت اور وسعت کے ساتھ جاری رہیں گے۔‘

دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اسرائیل نے اتوار کو ایران پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، جس میں اس کے ’توانائی کے شعبے اور وزارت دفاع‘ کے ہیڈکوارٹر کو براہ راست نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، 

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران کی جانب سے اتوار کو اسرائیل پر میزائلوں سے کیے گئے حملے میں چار افراد کی موت ہوئی ہے۔


تہران میں دھماکوں کی آوازیں

تہران میں نئے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جب ایرانی میزائل اسرائیل کی فضاؤں میں داخل ہوئے۔

اسرائیلی ایمرجنسی حکام کے مطابق، اس حملے میں گلیل کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں چار افراد جان سے گئے۔

ایران میں ہونے والی اموات کے اعداد و شمار فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکے، جہاں اسرائیل نے تہران میں وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر سمیت ان مقامات کو نشانہ بنایا جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ملک کے ایٹمی پروگرام سے وابستہ ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا