محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے ہفتے کو کہا ہے کہ اس نے پولیس کے ہمراہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تونسہ شریف اور بہاولپور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ’دہشت گردی‘ کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیے، جس کے دوران چھ عسکریت پسند مارے گئے جبکہ متعدد فرار ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق عسکریت پسند ملک دشمن تنظیموں سے تعلق رکھتے تھے اور ’کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔‘
ترجمان سی ٹی ڈی نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ ’تونسہ شریف کے قریب جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب سی ٹی ڈی نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان کے مطابق: ’یہ آپریشن ایک سرحدی گاؤں کے نزدیک کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔‘
مزید کہا گیا کہ ’اس خونریز جھڑپ میں پانچ خطرناک دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے پانچ ساتھی زخمی حالت میں قریبی جنگل میں فرار ہو گئے۔‘
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مارے جانے والے پانچ میں سے چار عسکریت پسندوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ ایک لاش ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق: ’دہشت گردوں کا تعلق کسی خطرناک تنظیم سے ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔‘
بیان کے مطابق سی ٹی ڈی نے فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ رومانی اور دیگر قریبی مقامات پر ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کوئی عسکریت پسند فرار نہ ہو سکے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق: ’آپریشن کے دوران موقعے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، تین عدد تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دستی بم، رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔‘
دوسری جانب ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بہاولپور میں بھی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ’انتہائی مطلوب دہشت گرد‘ کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی، جس کے جواب میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
کارروائی میں ایک عسکریت پسند مارا گیا، جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
موقعے سے بڑی تعداد میں گولیاں، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کے پیشِ نظر پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سکیورٹی پلان ترتیب دے رکھا ہے اور حساس مقامات پر سخت نگرانی جاری ہے۔