غزہ میں پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک، جنگ بندی کی کوششیں جاری

اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی کے لیے قطر میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے بعد شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

4 جنوری 2024 کو اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کی گئی اس ہینڈ آؤٹ تصویر میں اسرائیلی فضائیہ کے ارکان کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائیوں کے درمیان غزہ کی پٹی میں ایک زخمی اسرائیلی فوجی کو لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے (اے ایف پی)

اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی کے لیے قطر میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے بعد شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تازہ ترین ہلاکتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب 22 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کی میزبانی کرکے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق شمالی غزہ میں لڑائی میں دو فوجی ہلاک ہوئے جبکہ اسی واقعے میں تین دیگر ہلاک اور دو شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

ایک اسرائیلی اخبار ٹائمز آف ازرائیل نے آئی ڈی ایف کی ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ پیدل فوج کے جوانوں زمینی کارروائی کے دوران رات 10 بجے کے کچھ دیر بعد ایک سڑک کے کنارے نصب بم کا نشانہ بنے۔ فوجی پیدل چل رہے تھے اور گاڑی کے اندر نہیں تھے۔

زخمی فوجیوں کی تعداد 14 بتائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ ہلاکتیں گذشتہ ہفتے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ہوئی ہیں جو بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے۔ جاری مذاکرات کے باوجود جھڑپیں اور اسرائیل کے فضائی حملے جاری ہیں جس سے امن کی کوششوں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب  امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی رات واشنگٹن میں نتن یاہو سے ملاقات کی، جس میں سیزفائر اور قیدیوں کی رہائی کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔

امریکہ نے 60 روزہ سیز فائر کی تجویز پیش کی ہے جس کے تحت حماس اسرائیلی حراست میں قید فلسطینی قیدیوں کے بدلے 10 زندہ قیدی اور متعدد لاشیں واپس کرے گی۔

ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اس ہفتے دوحہ مذاکرات میں شرکت کریں گے تاکہ معاہدے کو آگے بڑھایا جا سکے۔

ملاقات کے بعد نتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا، اس موقع پر انہوں نے نوبیل امن کمیٹی کو بھیجا گیا ایک خط بھی انہیں پیش کیا۔

’وہ سیزفائر چاہتے ہیں‘

وائٹ ہاؤس میں عشائیہ کے موقعے پر ٹرمپ نے امید کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ملنا چاہتے ہیں اور وہ یہ سیز فائر چاہتے ہیں۔‘

 دریں اثنا نتن یاہو نے غزہ پر سکیورٹی کنٹرول پر قائم رہتے ہوئے ایک مکمل فلسطینی ریاست کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسے مکمل ریاست نہیں سمجھا جاتا تو ’ہمیں اس کی پروا نہیں‘ ہے۔

غزہ میں اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت نے پیر کو مزید 12 فلسطینیوں کی موت کی اطلاع دی، جن میں سے چھ اموات بے گھر شہریو ں کو پناہ دینے والے کلینک میں ہوئیں۔

صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 57،523 فلسطینی جان سے گئے۔

49 قیدیوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے وہ اب بھی غزہ میں ہیں، جن میں سے 27 کی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، امیدیں اب امریکہ کی ثالثی میں سفارت کاری سے وابستہ ہیں۔

ٹرمپ کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’اولین ترجیح‘ جنگ کا خاتمہ اور قیدیوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔ لیکن دونوں طرف سے کوئی پیش رفت غیر یقینی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا