راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) پرانے لاہور شہر کو نئے شہر سے ملانے کے لیے دریائے راوی پر ایک جدید اور لینڈ مارک پل تعمیر کر رہی ہے، جب کہ ایک ایکسپریس وے اور ایک رنگ روڈ کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے، جو اس پل کے ذریعے شہر کو راوی شہر سے جوڑے گی۔
روڈا کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ و مواصلات اور موسمیاتی تبدیلی عابد لطیف نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا: ’لاہور کو دریائے راوی پر بننے والے نئے شہر سے ملانے کے لیے پہلا بڑا قدم یہ ہے کہ ایک ’آئکانک برج‘ بنایا جا رہا ہے جو کہ شاید ملک میں اپنی طرز کا پہلا پل ہو گا۔
’اس کی لمبائی 2.5 کلو میٹر ہو گی جس میں سے 1.5 کلو میٹر کا پل ہو گا اور باقی اس کے ریمپس ہوں گے۔‘
انہوں نے بتایا: ’یہ پل دو لینز پر مشتمل ہو گا اور اس میں فٹ پاتھ اور سائیکل لین بھی ہوں گے۔ اس پل کا آغاز کلاخطائی روڈ پر موجود گاؤں ببکوال اور انو بھٹی فارسٹ سے ہو گا اور لاہور کے جنوب میں اختتام ہو گا۔‘
عابد لطیف کے مطابق: ’پل کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ لاہور کی عمارتوں کا ایک نیا آئیکن اور ایک نیا لینڈ مارک ہو گا، جو باہر سے آںے والوں ایک خوبصورت شہر میں داخل ہونے کا احساس دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ منصوبہ اس وقت بہت تیزی سے چل رہا ہے اور اس کا ٹیسٹ پائل مکمل ہو گیا ہے اور اب اس کی تعمیر کی مختلف سائٹس پر شروع ہو چکی ہے اور یہ پل ایک سال سے کچھ زیادہ عرصہ میں مکمل ہو جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس پل سے چہار باغ سے نکلنے والی نو کلو میٹر اور 300 فٹ چوڑی سڑک جڑے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کے علاوہ لاہور کے اندر ایک داخلی راستہ ہے اس منصوبے کے تحت ایک اضافی گیٹ وے بھی تیار ہو رہا ہے جو کہ شاہدرہ، سگیاں اور موٹر وے ایم 2 کو جوڑے گا اور یہ 300 فٹ چوڑی ایکسپریس وے ہے جو دریا کے ساتھ ہو گی اور اسے ملائے گی۔
’نیا تعمیر کیے جانے والا پل جب کالا شاہ کاکو میں لاہور سیالکوٹ موٹر وے انٹر چینج کے قریب سے گزرے گا تو وہاں سے بھی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں کو بھی آپس میں جوڑے گا۔‘
عابد لطیف نے بتایا کہ ’دریا کے ساتھ ساتھ ایک میرین ڈرائیو وے بھی بنائی جا رہی ہے جہاں لوگ ڈرائیو کر کے دریا کا لطف اٹھا سکیں۔ اس پوری سڑک پر تفریحی مقامات کے ساتھ ساتھ پارکنگ کی جگہ بھی ہوگی تاکہ لوگ وہاں رک سکیں۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’روڈا جی ٹی روڈ سے ایک رنگ روڈ بھی تعمیر کر رہا ہے جو باٹا پور، بی آر بی نہر سے گزرے گی اور راوی سٹی کو ملا کر وہ کالا شاہ کاکو روڈ پر ختم ہو گی اور اس کی لمبائی 31 کلومیٹر ہو گی، یہ رنگ روڈ پر نئے شہرکو پرانے شہر سے ملائے گی۔
’ایک طرح سے یہ سب منصوبے شہر کے مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے ہیں اور اس کا مرکزی نقطہ یہ آئکانک پل ہے جہاں چاروں طرف سے سڑکیں آ کر مل جائیں گی۔‘