پاکستانی کیوئسٹس نے جمعے کو انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن ( آئی بی ایس ایف) ورلڈ سنوکر چیمپیئن شپ میں ایک ہی دن میں دو ٹائٹل اپنے نام کیے۔ محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپیئن شپ جیتی جبکہ حسنین اختر نے ورلڈ انڈر-17 سنوکر چیمپئن شپ میں فتح حاصل کی۔
بحرین کے دارالحکومت مناما میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں محمد آصف نے انڈین کھلاڑی جیش دمانی کو 3-4 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
سابق عالمی چیمپیئن محمد آصف نے جمعرات کو منعقدہ سیمی فائنل میں انڈیا ہی کے مانن چندرا کو 2-4 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
محمد آصف نے ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں بحرین کے حبیب صباح کو 0-4 سے شکست دی تھی۔
پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے متحدہ عرب امارات کے محمد شہاب کو 2-4 سے ہرایا تھا۔
اس سے قبل حسنین اختر نے انڈر-17 ٹورنامنٹ کے فائنل میں ویلز کے رائلی پاؤل کو یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دی۔
16 سالہ حسنین اختر نے کھیل کے آغاز کے ساتھ ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس چیمپئن شپ میں 15 ممالک کے 43 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جنہیں 11 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے محمد آصف کو شاندار جیت پر مبارک باد دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا: ’شاباش، محمد آصف۔ قوم کو تم پر فخر ہے۔‘
محسن نقوی نے مزید کہا کہ آصف نے فائنل میں انڈین حریف کو شکست دے کر قومی پرچم کا وقار بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ’آصف نے ایک بار پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ کھیل ہو یا کوئی اور میدان، پاکستان ہر جگہ اپنی پہچان بنا رہا ہے۔‘