پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کے دو طیاروں نے برطانیہ میں ہونے والے معروف رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں دو اعزازات اپنے نام کر لیے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے 19 جولائی کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق فضائیہ کے سی 130 طیارے نے ’کنکورز ڈی الیگینس ٹرافی‘ اپنے نام کی جب کہ جے ایف17 سی بلاک تھری فائٹر جیٹ کو ’سپرٹ آف دی میٹ‘ ٹرافی سے نوازا گیا۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں ایئر چیفس کانفرنس کے دوران، پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اس کے طیاروں کے منفرد رنگوں کو دنیا بھر کی فضائی افواج کے سربراہوں نے بھرپور سراہا۔
شاندار کامیابی پر پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فضائیہ کے دستے کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ملک کا پرچم سربلند رکھنا ہمیشہ سے پاکستان فضائیہ کا طرۂ امتیاز رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ممتاز جیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی قابلیت اور بہترین کارکردگی کے حصول کی مستقل کوشش کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے پوری ٹیم کو سراہا کہ انہوں نے پاکستان کی اصل صلاحیت کو وقار اور فخر کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا۔
اس باوقار ایئر شو میں پہلی بار پیش کیے جانے والے پاکستان فضائیہ کے جدید ترین جے ایف17 تھنڈر بلاک تھری کو ’سپرٹ آف دی میٹ‘ ٹرافی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز صرف اس طیارے کو دیا جاتا ہے جو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو کی روح، جذبے اور جوش و خروش کی بہترین عکاسی کرے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق: ’یہ اعزاز جے ایف 17 پروگرام کی تکنیکی برتری اور عملی صلاحیت کا مظہر ہے اور ساتھ ہی عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ایروسپیس مہارت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔‘
پاکستان فضائیہ کے سی 130 ایچ ہرکولیس، جو اس سال کے تھیم ’آئیز اِن دی سکائز‘ کے مطابق خوبصورت اور منفرد انداز میں سجایا گیا تھا، نے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں بہترین دیکھ بھال اور سب سے خوبصورت انداز میں پیش کیے گئے طیارے کے لیے ’کنکورز ڈی الیگینس‘ ٹرافی اپنے نام کی۔
پاکستان فضائیہ کو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں کامیابی کی ایک شاندار روایت حاصل ہے اور اس نے 2006، 2016 اور 2018 میں بھی متعدد اعزازات جیتے، جس سے اس کی عالمی معیار کی فضائی قوت کے طور پر شہرت مزید مضبوط ہوئی ہے، جو ہمیشہ ہوا بازی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں پاکستان فضائیہ کی شاندار کارکردگی نہ صرف اسے دنیا کی صف اول کی فضائی افواج میں ممتاز بناتی ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث افتخار بھی ہے۔