امریکہ میں جنوبی کیرولائنا کی ایک خاتون کے لیے اس وقت قسمت کا دروازہ کھل گیا جب ان کے شوہر تو لاٹری ٹکٹ خریدنا بھول گئے لیکن ان کے خریدے گئے ٹکٹ سے جیک پاٹ لگ گیا۔
خاتون، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، حال ہی میں جنوبی کیرولائنا کے شہر لائمن میں واقع ریڈی مارٹ گیس سٹیشن پر رکیں اور ’منی میڈنیس ایکسٹرا پلے‘ نامی سکریچ آف لاٹری کے تین ٹکٹ خریدے۔
انہوں نے ساؤتھ کیرولائنا ایجوکیشن لاٹری کو بتایا: ’روشن، چمکدار اور جگمگاتے ٹکٹوں نے میری توجہ کھینچ لی۔‘
پہلے دو ٹکٹوں میں کوئی انعام نہیں نکلا لیکن تیسرا ٹکٹ ان کے لیے ’جادوئی‘ ثابت ہوا، جس پر انہیں پانچ لاکھ ڈالر کا سب سے بڑا انعام ملا۔
خاتون نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’میں خود کو جیڈ کلیمپٹ جیسا محسوس کر رہی تھی، جب اس نے اپنی زمین پر تیل نکلتے دیکھا تھا۔‘
وہ مشہور امریکی ٹی وی شو ’دی بیورلی ہل بلیز‘ کا حوالہ دے رہی تھیں، جس میں جیڈ کلیمپٹ کی فیملی اپنی زمین سے تیل ملنے کے بعد امیر ہو کر کیلیفورنیا منتقل ہو گئی تھی۔
انہوں نے انعام کی رقم سے متعلق اپنے منصوبے بھی بتائے: ’اب میں کچھ مزے کروں گی، سفر پر جاؤں گی اور ریٹائرمنٹ شاید جلد آجائے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس لاٹری کے نتیجے میں جس گیس سٹیشن سے انہوں نے ٹکٹ خریدا تھا، اسے بھی پانچ ہزار ڈالر کمیشن ملا۔
ساؤتھ کیرولائنا ایجوکیشن لاٹری کے مطابق: ’منی میڈنیس ایکسٹرا پلے‘ میں پانچ لاکھ ڈالر جیتنے کے امکانات 1.152 ملین میں سے ایک ہوتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی امریکی شہری نے بڑی رقم جیتی ہو۔ رواں ماہ کے آغاز میں کنیکٹیکٹ کے رہائشی اور سکول بس ڈرائیور رسل رَف کو معلوم ہوا کہ ان کا گمشدہ لاٹری ٹکٹ 150,000 ڈالر کا ہے۔
یہ ٹکٹ انہوں نے 13 جون کو ایک پیٹرول پمپ سے خریدا تھا لیکن خریدنے کے فوراً بعد ہی گم ہو گیا۔ حیرت انگیز طور پر ان کی 16 سالہ بلی نے بعد میں یہ پاور بال ٹکٹ دریافت کیا۔
ان کے بقول: ’ہم سے ٹکٹ گھر پر گُم ہو گیا تھا۔ وہ ایک ہیڈ بورڈ کے پیچھے چلا گیا اور ہم نے زیادہ توجہ نہیں دی۔ ہم نے نمبرز بھی نہیں چیک کیے تھے۔‘
بلی کے پیچھے ہیڈ بورڈ ہٹاتے وقت ٹکٹ واپس ملا تو پتہ چلا کہ ان کے پاس پانچ میں سے چار نمبرز اور پاور بال نمبر بھی تھا۔
چونکہ انہوں نے ’پاور پلے‘ آپشن بھی منتخب کیا تھا، جس سے انعامی رقم بڑھ جاتی ہے اس طرح ان کا انعام 50 ہزار ڈالر سے بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ڈالر ہو گیا۔
جون ہی میں کینٹکی کی ایک خاتون پامیلا ہاورڈ تھورنٹن نے بھی ریاستی لاٹری جیتی حالانکہ وہ اپنا انعامی ٹکٹ تقریباً کچرے میں پھینک چکی تھیں۔
انہوں نے خواب میں بڑی لاٹری جیتنے کا منظر دیکھنے کے بعد لبنان جنکشن کے ایک سٹور سے ’فلیمنگو بنگو‘ لاٹری کے چار ٹکٹ خریدے۔
ان کے بقول: ’پہلے تین ٹکٹ ناکام نکلے، اس لیے میں نے انہیں کوڑے میں پھینک دیا، پھر مجھے یاد آیا کہ چوتھا ٹکٹ کہاں ہے؟ جب کوڑے میں دیکھا تو میں چیخ پڑی۔ اوہ خدایا، میں نے وہ بھی پھینک دیا تھا۔‘
خوش قسمتی سے وہ ٹکٹ دوبارہ مل گیا اور انہوں نے 80 ہزار ڈالر (ٹیکس کے بعد تقریباً 57,600 ڈالر) کا سب سے بڑا انعام جیت لیا۔
© The Independent