جرمن کوہ پیما کی پاکستان کے پہاڑوں میں المناک حادثے میں موت: الپائن کلب

الپائن کلب آف پاکستان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسلسل خراب موسم نے امدادی کارروائیوں میں شدید رکاوٹ ڈالی، جس کے باعث اعلان میں تاخیر ہوئی۔‘

پاکستان میں کوہ پیمائی کے نگراں ادارے الپائن کلب آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جرمن بائی ایتھلیٹ لورا ڈالمائر پاکستان کے پہاڑوں میں ’المناک حادثے‘ میں موت واقع ہو گئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کو جاری کیے جانے والے بیان میں الپائن کلب کے نائب صدر کرار حیدری کا کہنا ہے کہ ’جرمن اولمپک چیمپئن لورا ڈالمائر کے بارے میں بدھ کو تصدیق کی گئی کہ وہ پاکستان کے بلند پہاڑوں میں ایک المناک کوہ پیمائی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسلسل خراب موسم نے امدادی کارروائیوں میں شدید رکاوٹ ڈالی، جس کے باعث اعلان میں تاخیر ہوئی۔‘

اس سے قبل گلگت بلتستان میں حکام کا کہنا تھا کہ قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں پیر کو لیلیٰ چوٹی کو سر کرتے ہوئے زخمی ہونے والی جرمن کوہ پیما کو ریسکیو کرنے کی کوششوں میں خراب موسم آڑے آ رہا ہے۔

جرمن کوہ پیما لورا ڈالمائر، جنہوں نے 2017 خواتین کا بائیتھلون ورلڈ کپ بھی جیتا تھا، پیر کو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں لیلیٰ چوٹی سر کرنے کی کوشش کے دوران زخمی ہو گئیں تھیں۔

الپائن کلب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقامی کوہ پیماؤں، اونچائی پر جانے  والے پورٹرز اور چند بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم، جن میں تین امریکی اور ایک جرمن شامل ہیں، لورا تک پہنچنے کے لیے راستے پر ہیں۔

کرار حیدری نے کہا تھا کہ پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر اب بھی خراب موسمی حالات کی وجہ سے گراؤنڈ ہیں کیوں کہ بارش اور تیز ہواؤں کے سبب وہ اڑان نہیں بھر سکتے ہیں۔

الپائن کلب کے ترجمان نے بتایا کہ 29 جولائی کو کی گئی ’ایک جاسوسی پرواز نے لورا کے مقام کی تصدیق کر دی، لیکن ہوا سے زندگی کی کوئی واضح نشانیاں نہیں مل سکیں۔‘

سیاحوں کی سکیورٹی کی غرض سے قائم گلگت بلتستان ٹوورازم پولیس کے کنٹرول روم میں تعینات ایک اہلکار نے بھی بدھ کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’خراب موسم کی وجہ سے (فضائی ریسکیو) آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔‘

 

گلگت بلتستان میں حکام نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ چوٹی سر کرنے کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والی لورا ڈالمائر پہاڑ پر پھنسی ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منگل کو غروب آفتاب کے بعد تلاش کرنے والی ٹیموں کو ان تک پہنچنے کی کوششوں کو روکنے پر مجبور کر دیا گیا تھا۔

گلگت بلتستان کی علاقائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ 31 سالہ لورا ڈالمائر اور ان کی ساتھی مرینا ایوا، چڑھائی کے دوران چٹانیں گرنے سے متاثر ہوئیں۔ 

تاہم مرینا ایوا منگل کو ریسکیو ٹیم کی مدد سے بیس کیمپ میں اترنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شمالی پاکستان میں ہر سال سینکڑوں کوہ پیما پہاڑوں کو سر کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور برفانی تودے گرنے اور موسم کی اچانک تبدیلیوں کی وجہ سے حادثات عام ہیں۔

پاکستان کا خوبصورت شمال، جو سیاحوں اور کوہ پیماؤں دونوں کے لیے کشش رکھتا ہے، معمول سے زیادہ موسمی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے۔

جرمنی میں لورا ڈالمائر کے منیجر نے براڈکاسٹر زیڈ ڈی ایف کو بتایا کہ وہ پیر کو دوپہر کے قریب 18700 فٹ کی بلندی پر چٹان گرنے سے شدید زخمی ہو گئی تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ بہت دور ہونے کی وجہ سے منگل کو صرف ایک ہیلی کاپٹر منگل کی صبح جائے حادثہ تک پہنچ چکا تھا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان