الپائن کلب نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ کے ٹو پر ایک برفانی تودے کی زد میں آ کر مقامی کوہ پیما افتخار حسین جان سے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’18 جولائی کو دوپہر دو بج کر 30 منٹ پر کے ٹو کے کیمپ ون پر ایک برفانی تودا گرا جس کی زد میں چار کوہ پیما آئے۔
’تودا گرنے سے ایک غیر ملکی کوہ پیما معمولی زخمی ہوئے، جبکہ دو دیگر کوہ پیماؤں نے بحفاظت ایڈوانس بیس کیمپ تک واپسی حاصل کی۔ بدقسمتی سے، مقامی کوہ پیما افتخار حسین اس افسوس ناک حادثے میں شہید ہو گئے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
افتخار حسین کا تعلق سکردو کے علاقے سدپارہ سے تھا۔
الپائن کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’واقعے کے بعد، متعلقہ ایکسپیڈیشن آؤٹفٹر نے پاکستان فوج کے متعلقہ حکام اور کلب کے صدر سے مرحوم کا جسد خاکی منتقل کرنے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر آپریشن کی درخواست کی۔
’یہ درخواست جی ایچ کیو کی جانب سے انسانی بنیادوں پر منظور کی گئی، اور اب پاکستان فوج کی ایوی ایشن شہید کے جسد خاکی کو سکردو منتقل کر رہی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میجر جنرل عرفان ارشد نے افتخار حسین کے اہل خانہ، دوستوں اور پوری کوہ پیمائی برادری سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔