پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں ایک سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں حصہ لے گی جس میں افغانستان اور میزبان ٹیم یو اے ای شامل ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جمعے کو جاری ایک بیان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 29 اگست سے سات ستمبر تک شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ سیریز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) مینز ٹی 20 ایشیا کپ کی تیاری کا اہم حصہ تصور کی جا رہی ہے جو نو سے 28 ستمبر کے دوران یو اے ای ہی میں منعقد ہو گی۔
ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی اور اس کی میزبانی کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
سہ ملکی سیریز کا افتتاحی میچ 29 اگست کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان شام سات بجے کھیلا جائے گا۔
ہر ٹیم دوسری دونوں ٹیموں کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گی، یعنی تینوں ٹیموں کو کم از کم چار میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ٹاپ دو ٹیمیں سات ستمبر کو فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
پاکستان کے لیے یہ سیریز نہ صرف ایشیا کپ بلکہ آئی سی سی ورلڈ ٹی20 2026 کی تیاریوں کے لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے۔
پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم اور اوے سیریز میں تجرباتی کمبی نیشن آزمایا تھا اور اب اس سہ ملکی ٹورنامنٹ میں فائنل الیون کا خاکہ مزید واضح کیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ برسوں میں ٹی 20 کرکٹ میں مقابلے خاصے دلچسپ اور سنسنی خیز رہے ہیں، جب کہ یو اے ای کی ٹیم بھی اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کی کرکٹ تاریخ کی کئی یادگار فتوحات ہوئی ہیں۔ 1990 کی دہائی میں پاکستان نے یہاں کئی سہ ملکی ٹورنامنٹس میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
پی سی بی نے تاحال ان مقابلوں کے لیے سکواڈ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
سیریز کا مکمل شیڈول (تمام میچز شام سات بجے، شارجہ میں)
29 اگست – افغانستان بمقابلہ پاکستان
30 اگست – یو اے ای بمقابلہ پاکستان
یکم ستمبر – یو اے ای بمقابلہ افغانستان
دو ستمبر – پاکستان بمقابلہ افغانستان
چار ستمبر – پاکستان بمقابلہ یو اے ای
پانچ ستمبر – افغانستان بمقابلہ یو اے ای
سات ستمبر – فائنل