پاکستان فوج نے چینی ساختہ جدید حملہ آور ہیلی کاپٹر Z-10ME کو اپنے فضائی بیڑے میں شامل کر لیا ہے.
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں بتایا کہ Z-10ME کی شمولیت کی تقریب ہفتے کو ملتان گیریژن میں منعقد ہوئی جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تقریب کی صدارت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ جدید ریڈار نظام اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز سے لیس یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم میں، دن اور رات میں کسی بھی وقت انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے ان ہیلی کاپٹروں کی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ مظفرگڑھ کے فیلڈ فائرنگ رینج میں دیکھا۔
اس مظاہرے میں ہیلی کاپٹروں کی ہدف تک تیز رسائی، دفاعی اقدامات سے بچاؤ اور بیک وقت متعدد اہداف کو نشانہ بنانے جیسی صلاحیتوں کی نمائش کی گئی۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس موقعے پر کہا کہ Z-10ME جیسے جدید نظام کی شمولیت سے پاکستان آرمی ایوی ایشن کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو دشمن کے خلاف فیصلہ کن ردعمل دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔
ان نے فیلڈ مظاہرے کے بعد فوجی جوانوں سے ملاقات میں ان کے حوصلے، عسکری مہارت اور پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کی مشترکہ حکمت عملی کی کامیاب مشق پاکستان فوج کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ مستقبل کی جنگوں میں مکمل تیاری اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو کر شریک ہو۔
اس سے قبل وہ ملتان گیریژن پہنچے جہاں کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فوج قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق دورے کے اختتام پر انہوں نے ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ایک نشست کی۔
اس موقعے پر انہوں نے قومی یکجہتی، سول و ملٹری ہم آہنگی اور اتحاد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب پوری قوم ایک متحد قوت بن کر سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں، طبقوں اور افراد کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔