خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کے مطابق ہفتے کو مارٹر گولے کے دھماکے میں پانچ بچے جان سے چلے گئے جبکہ 12 زخمی ہیں۔
لکی مروت پولیس کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ لکی مروت کے علاقے وانڈہ سربند میں بچے تالاب میں نہاتے ہوئے مارٹر گولے کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اسی دوران گولہ پھٹ گیا، جس سے بچوں کی موت واقع ہوگئی۔
انہوں نے بتایا: ’مارٹر گولہ پہلے سے موجود تھا لیکن بچوں کو اندازہ نہیں تھا کہ اس کے ساتھ کھیلنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریسکیو 1122 لکی مروت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 12 بچوں کو امدادی ٹیموں نے علاج معالجے کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔
خیبر پختونخوا کے قبائلی و جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورت حال گذشتہ کچھ عرصے سے مخدوش ہے اور سکیورٹی حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں۔
ضلع باجوڑ میں اسی سلسلے میں جمعے سے ایک مقامی امن جرگہ کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں۔
امن جرگے کی قیادت جماعت اسلامی باجوڑ کے امیر صاحبزادہ ہارون رشید کر رہے ہیں۔
ٹی ٹی پی کے افراد سے ملاقات کے بعد ہارون رشید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ آج (دو اگست کو) مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا جبکہ یہ جرگہ امن کی بحالی کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔
تاہم مذاکرات اور امن جرگے کی ٹی ٹی پی سے ملاقات اور مذاکراتی عمل کے حوالے سے سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
باجوڑ کے مختلف علاقوں میں گذشتہ کچھ دنوں سے کرفیو نافذ ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
امن و امان کی مخدوش صورت حال کی وجہ سے گذشتہ روز صوبے کے مختلف اضلاع میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے امن مارچ بھی منعقد کیا گیا تھا، جس میں حکومت سے امن بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔