فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ملک کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھیں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کورلا کی ریٹائرمنٹ تقریب اور نئی کمان سنبھالنے والے ایڈمرل بریڈ کوپر کی حلف برداری میں شرکت کی۔
پاکستانی فیلڈ مارشل کا دو ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ امریکہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔
اس سے قبل وہ جون میں واشنگٹن گئے تھے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ان سے ملاقات کی تھی۔
18 جون کو ہونے والی اس ملاقات کا وقت ابتدائی طور پر ایک گھنٹہ طے تھا لیکن یہ دو گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی۔
پاکستان فوج کے ایک بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مضبوط کرنے کی جاری کوششوں میں ایک اہم موقع تھا، جو امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہے۔
بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس موقعے پر پاکستان کے ساتھ طویل مدتی سٹریٹجک ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی مفاد کے تجارتی شراکت داری کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی۔
صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیچیدہ علاقائی حالات کے دوران قیادت اور فیصلہ سازی کی تعریف کی۔
موجودہ دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کو امریکہ کے سرکاری دورے کے موقعے پر اعلیٰ سطح کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقعے پر فیلڈ مارشل نے جنرل کورلا کی قیادت اور دو طرفہ عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے ایڈمرل کوپر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
امریکہ دورے کے دوران انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اس موقعے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
امریکی دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھیں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
پاکستانی برادری کے ارکان نے پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں بھرپور تعاون کا عزم دہرایا۔