نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 23 سے 30 اگست تک شدید بارشوں، پہاڑی تودے گرنے سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق جمعے کو این ڈی ایم اے سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورت حال، بارشوں ا ور سیلابی صورت پر الرٹ جاری کیا۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بارش برسانے والے تین موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی اجنب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں اب تک 785 افراد کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
23 سے 25 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اشہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال جب کہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث پہاڑی تودے گرنے کا شدید خطرہ ہے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بارش برسانے والے تین موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم،میانوالی،، خوشاب، سرگودھا،سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، تلہ گنگ اور چکوال میں سیلابی صورت حال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بہاؤ تیز ہونے کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ای او سی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 23 سے27 اگست تک ممکنہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔صوابی، مردان،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
کشمیر میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں ممکنہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ ہے۔23تا27 اگست گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گانچھے اور شگر میں شدید بارش کا امکان پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ جب کہ سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
اسلام آباد: سید پور میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلے کے مناظر
— Independent Urdu (@indyurdu) July 21, 2025
اسلام آباد کے نواحی علاقے سید پور میں پیر کو شدید بارش کے بعد سیلابی ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہو گیا جس سے کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ pic.twitter.com/pg0XCh93pZ
سندھ کے ساحلی اضلاع جن میں کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر شامل ہیں، میں 27 سے30 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔سندھ میں حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیرآباد میں بھی بارشیں متوقع ہے۔
بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، خضدار، آواران، قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں طوفانی ہواؤں سمیت موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں 24 تا 25 اور 27 تا 30 اگست وقفہ وقفہ سے بارشیں متوقع ہیں۔ ڈیرہ مراد جمالی، استامحمد، ڈیرہ بگٹی، آواران، لسبیلہ بارکھان، نصیر آباد، کیچ اورلہری میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔