گلگت بلتستان میں پیر کو ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے دونوں پائلٹوں سمیت پانچ افراد میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ہُڈور گاؤں کے قریب ٹھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور وہ حادثے کا شکار ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں ہیلی کاپٹر کے پائلٹ میجر عاطف، ان کے ساتھی پائلٹ میجر فیصل کے علاوہ فلائیٹ انجینیئر نائیک سبحان مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر جان سے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فوج کے مطابق ’تربیتی مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، تاکہ آپریشنل تیاری کو برقرار رکھا جا سکے اور مختلف نوعیت کے فرائض سر انجام دیے جا سکیں، خواہ وہ آپریشنل سپورٹ ہو یا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور آفات میں ریلیف کی فراہمی۔‘
اس سے قبل گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر آرمی ایوی ایشن کا تھا۔
فیض اللہ فراق نے بتایا تھا کمانڈر ایف سی این، ڈی جی گلگت بلتستان سکاؤٹس، کمشنر دیامر سمیت عوام کی بڑی تعداد موقعے پر پہنچ چکی ہے۔
’ ہیلی کاپٹر میں لگی آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔‘