پاکستانی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے انڈیا کے ساتھ مئی میں ہونے والی جنگ میں چھ انڈین طیارے مار گرائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ہفتے کو کہا ہے کہ اگلی بار سکور 6-0 کی بجائے 60-0 ہوگا۔
انڈیا نے رواں برس اپریل میں اپنے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کا الزام اسلام آباد پر عائد کرتے ہوئے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے۔
چار روز تک جاری رہنے والی اس جنگ میں انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور نئی دہلی کے چھ طیارے مار گرائے جن میں رفال بھی شامل تھے۔ بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں 10 مئی کو دونوں پڑوسی ملک جنگ بندی پر متفق ہوگئے۔
Here is official announcement of our victory..remember the words “Six Nill” pic.twitter.com/FMHWbuvxt2
— Saqib Virk (@SaqibVirkPK) May 11, 2025
ہفتے کو یوم دفاع کے موقعے پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے کہا: ’ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے دشمن کے ناپاک ارادوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہیں گے اور پاکستانی سرزمین کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انشا اگلی بار سکور 6-0 تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اللہ کی مدد سے 60-0 ہوگا۔‘
یوم دفاع پر بات کرتے ہوئے پاکستان فضائیہ کے عہدیدار نے کہا کہ ’چھ ستمبر ہمیں ہر سال اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے جب ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک مں ملا کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔
’یہ دن نہ صرف ایک جنگی معرکے کی یاد ہے بلکہ ہمارے جذبے، اتحاد اور قربانی کی بھی علامت ہے۔ چاہے دشمن سرحد پار سے آئے یا اندرونی طور پر ہمارے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
1965 میں پاکستان انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ کے 60 سال مکمل چکے ہیں۔ 6 ستمبر کو انڈیا نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور اس جنگ میں کامیاب دفاع پر ہر سال اس دن کو یوم دفاع کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے کہا کہ چاہے آپریشن ردالفساد ہو، ضرب عضب، سوئفٹ رٹارڈ یا بنیان المرصوص، پاکستان فضائیہ نے پاکستانی عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا اور ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔
’ہم نے پوری دنیا کو اعتراف کروایا کہ پاکستان کی مسلح افواج خاص طور پر پاکستان فضائیہ مملکت خداداد کی فضائی حدود کی ٖحفاظت بخوبی سر انجام دے رہی ہیں اور دیتی رہیں گی۔‘
انہوں نے مئی میں انڈیا کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستانی فوج کے آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن بنیان الرصوص نے چھ ستمبر 1965 کی یاد تازہ کی اور یہ ثابت کی کہ ہماری دلیر افواج اور عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘
ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے کہا: ’میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاکستان فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، جس کا ہرفرد پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرائض سے لگاؤ اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔‘